
نئی دہلی، 16 فروری(شہاب الدین)
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنرونے کمار سکسینہ، اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو نہرو پلیس میں چھ منزلہ ملٹی لیول پارکنگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل جی کی رہنمائی دہلی کے لیے ہمیشہ متاثر کن رہی ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ پچھلی سرکاروں نے مرکزی سرکاراور ایل جی کے ساتھ تال میل کے لیے مطلوبہ کوششیں نہیں کیں جس کی وجہ سے کئی عوامی فلاحی منصوبے برسوں سے التوا میں پڑے رہے ۔ اس کے برعکس ایل جی نے ذاتی طور پر مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور نالیوں کی صفائی، سڑک کی تعمیر، اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی۔ وہ دہلی کے لوگوں کی خدمت میں اس وقت بھی سرگرم رہے جب نظام جمود کا شکار تھا۔اس موقع پر مقامی خاص طور پر ممبر پارلیمنٹ رام ویر سنگھ ادھوری اور دیگر شخصیات موجود تھیں ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل جی کی قیادت اور مرکزی سرکارکے تعاون سے دہلی سرکار مل کر کام کر رہی ہے اور مثبت نتائج حاصل کر رہی ہے۔ یہ مشترکہ کوشش دہلی کو صاف ستھرا، منظم اور ترقی یافتہ بنانے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس نئی چھ منزلہ جدید پارکنگ میں ایک وقت میں 650 چار پہیہ اور 352 دو پہیہ گاڑیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ گردشی بنیادوں پر، اس میں روزا نہ تقریباً 2ہزار گاڑیاں شامل ہوں گی۔ انہوں نے اسے دہلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی کے جن علاقوں میں پارکنگ کی کمی کا سامنا ہے وہاں ڈی ڈی اے کی دستیاب زمین پر پارکس یا پارکنگ کی جگہیں تیار کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
No Comments: