
نئی دہلی، 6 فروری(میرا وطن)
پردیش کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ریکھا گپتا کو دہلی سرکار کی انتظامی لاپرواہی کی وجہ سے جنک پوری اسمبلی حلقہ میں جل بورڈ کے ذریعہ کھودے گئے گڑھے میں گرنے والے 25 سالہ بائیک سوار کی موت کی براہ راست ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ پالم کیلاش پوری کا رہنے والا کمل رات کے وقت روہنی سے اپنی موٹر سائیکل پر گھر واپس آ رہا تھا کہ سڑک پر دہلی جل بورڈ کی طرف سے کھودے گئے گہرے گڑھے میں گر کر ہلاک ہو گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمل کے اہل خانہ کو فوری طور پر نوجوان کی موت کے لیے ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے، کیونکہ نوجوان کی موت سرکاری محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ریاستی صدر نے کہا کہ گزشتہ ماہ نوئیڈا میں 30 فٹ گہرے تہہ خانے میں یووراج مہتا کی موت کے باوجود دہلی سرکار نے اس سے سبق نہیں سیکھا ہے اور محض معیارات پر عمل آوری کی دستاویز کی ہے۔ درحقیقت دہلی ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور گڑھوں کی وجہ سے پوری طرح تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بی جے پی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور وزراءنے سڑکوں اور دہلی جل بورڈ کے گڑھوں کو بھرنے کے لیے کروڑوں روپے کے منصوبوں کا بار بار اعلان کیا ہے، لیکن صورت حال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔
No Comments: