
نئی دہلی، 12اپریل(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے نو مقررہ ایل جی کی عوام کے درمیان بڑھتی سرگرمیوں پر بی جے پی پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے ایل جی کی اس سرگرمی کو وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی کرسی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دہلی میں وزیر اعلیٰ بدلنے کی جلدی میں ہے، اسی لیے ایل جی کو وزیرِ اعلیٰ کے متوازی فعال کر دیا گیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صرف ایک سال میں ہی بی جے پی قیادت کو وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کی نااہلی کا احساس ہو گیا ہے۔ اسی وجہ سے ایل جی کو آگے کیا گیا ہے تاکہ عوام کی توجہ وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کی کارکردگی سے ہٹ جائے اور بی جے پی ان کی ناکامی کو بنیاد بنا کر نیا وزیرِ اعلیٰ لا سکے۔
اتوار کے روز ایکس ( ٹوئٹر)پر پوسٹ کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ مجھے لگتا ہے بی جے پی کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے طور پر ان کا انتخاب ریکھا گپتا نااہل ثابت ہوئی ہیں۔ انہیں اتنی جلدی ہٹانا پارٹی کے لیے بہت شرمناک ہوگا، اسی لیے ایک متوازی نظام قائم کرنے کے لیے ایک ریٹائرڈ افسر کو ایل جی کے طور پر لایا گیا ہے۔ نئے ایل جی کسی عام کنٹینٹ کریئیٹر سے بھی زیادہ ریلز بنا رہے ہیں۔ بڑا سوال یہ ہے کہ کیا حکمرانی کا مطلب صرف ریلز بنانا رہ گیا ہے؟
No Comments: