قومی خبریں

خواتین

سی بی ایس ای 12ویں اور 10ویں کے ریزلٹ میں دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کی بھی بہترین کارکردگی

نئی دہلی: سی بی ایس ای کی جانب سے جمعہ کے روز 12ویں اور 10ویں کلاس کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ جن طلباء نے اس سال بورڈ کا امتحان دیا وہ سی بی ایس ای کی ویب سائٹ cbse.gov.in اور cbseresults.nic.in پر جا کر اپنا ریزلٹ چیک کر سکتے ہیں۔

دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بھی اس مرتبہ بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کیا۔ پرانی دہلی کے معروف اسکول رابعہ گرلز پبلک اسکول کا ریزلٹ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی قابلِ ستائش رہا۔ دسویں اور بارہویں کلاس میں سبھی طالبات نے بہت اچھے نمبرات حاصل کیے۔ بارہویں درجہ میں مرشدہ احمد نے 94.8 فیصد نمبر لے کر اسکول میں اوّل مقام حاصل کیا۔ اریشہ عرفان، ہانیہ خان اور السہ مرسلین نے 94.4 فیصد، زوہا ضیا نے 93.8 فیصد نمبرات حاصل کیے اور اول، دوم و سوم مقام حاصل کیے۔ اسٹریم وائز ٹاپرس میں سائنس اسٹریم سے مرشدہ احمد نے 94.8 فیصد، ہیومینیٹیز اسٹریم سے اریشہ عرفان نے 94.4 فیصد اور کامرس اسٹریم سے روفیہ خاں نے 88.6 فیصد نمبرات حاصل کر اسکول کا نام روشن کیا۔ دسویں جماعت میں فہمینہ خاں نے 95.8 فیصد، نمرہ راشد نے 94.4 فیصد اور صاحبہ نور نے 94.2 فیصد نمبرات حاصل کر اول، دوم و سوم پوزیشن حاصل کی۔

بارہویں جماعت میں 24 طالبات نے اور دسویں جماعت میں 12 طالبات نے 90 فیصد اور اس سے زیادہ نمبرات حاصل کیے۔ 75 فیصد اور اس سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والی طالبات کی تعداد بارہویں جماعت میں 80 اور دسویں جماعت میں 65 رہی۔ دسویں جماعت میں بینیش رحمٰن، ہانیہ امان، نبیہ شفیع اور نمرہ راشد نے اُردو میں صد فیصد نمبرات حاصل کیے۔ اسکول کے بہترین ریزلٹ کے لیے اسکول کی پرنسپل کلثوم زہرہ نے سبھی طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اینگلو عربک اسکول کے بارہویں و دسویں جماعت کے بھی بہتر نتائج رہے۔ بارہویں جماعت میں محمد توحید انصاری اوردسویں جماعت میں عبد الرحمٰن اسکول کے ٹاپر رہے۔ دہلی کے تاریخی اسکول اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول میں بارہویں کے طالب علم محمد توحید نے 94 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں اور سائنس، آرٹس اور کامرس تینوں زمروں میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ ان کو انگریزی میں 94، اکونومکس میں 85، ہسٹری میں 96، جغرافیہ میں 95، اور اردو میں 100 نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔ دوسری طرف دسویں جماعت میں عبدالرحمٰن نے 89 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں اور موجودہ سیشن میں مجموعی طور پر اسکول کے ٹاپر رہے ہیں۔ انہیں انگریزی میں 85، ہندی میں 90، ریاضی میں 95، سائنس میں 84، اور سوشل سائنس میں 92 نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔ اسی جماعت کے محمد شمس تبریز اور ذہان سیفی دونوں ہی طالب علموں کو 86 فیصد نمبرات حاصل ہوئے ہیں اور دونوں نے مشترکہ طور پر اسکول میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ امسال بارہویں جماعت میں 401 طالب علم امتحان میں شریک ہوئے تھے اور مجموعی طور پر اسکول کا نتیجہ 70 فیصد رہا ہے۔ جبکہ دسویں جماعت میں کل 135 طالب علموں نے شرکت درج کرائی تھی اور اسکول کا مجموعی نتیجہ 60 فیصد رہا ہے۔ ریزلٹ برآمد ہونے کے بعد اسکول کے منیجر پروفیسر محمد اسد ملک، دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کی سکریٹری پروفیسر کہکشاں وائی دانیال، اسکول کے پرنسپل محمد وسیم احمد اور جملہ اساتذہ و اسٹاف ممبران نے سبھی ٹاپر اسٹوڈنٹس کے ساتھ ہی سبھی کامیاب طالب علموں کو بھی مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایس کے وی زینت محل اسکول لال کنواں 12ویں کلاس کا ریزلٹ 100 فیصد رہا۔ زینب ولد محمد انصار نے 12ویں کلاس میں 91.4  فیصد نمبر لا کر ٹاپ کیا۔ انشراح کوثر نے 86 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ علماء رحمن نے 86 فیصد نمبرات لا کر تیسرا مقام حاصل کیا۔

ایس کے وی چشمہ بلڈنگ اُردو میڈیم کا اس برس 12ویں کلاس کا ریزلٹ 97 فیصد رہا۔ اصفیا نے 89 فیصد نمبرات حاصل کر کے اسکول میں پہلی پوزیشن حاصل کی، زینب حور 88.60 فیصد نمبرات سے دوسری پوزیشن پر رہیں اور الجا جائشہ نے 84.20 فیصد نمبرات لاکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چشمہ بلڈنگ اسکول 10ویں کلاس کے ریزلٹ کی بات کریں تو اس سال یہ قابل مبارکباد رہا۔ ثانیہ اشرف نے 78.40 فیصد نمبرات لا کر پہلی پوزیشن پر اپنی جگہ بنائی، آفیا شاکر نے 76.60 فیصد نمبرات لاکر دوسری پوزیشن پر رہیں جبکہ خوشنما نے 73.60 فیصد نمبرات لا کر تیسرا مقام حاصل کیا۔

ایس کے وی جامع مسجد نمبر 1 اُردو میڈیم اسکول کا 12ویں کا ریزلٹ 96.63 فیصد رہا۔ اسکول کے 91 طلباء نے امتحان میں حصہ لیا تھا جس میں سے 89 طلباء پاس ہوئے ہیں اور 3 طلباء کی کمپارٹمنٹ آئی ہے۔ 12 کلاس میں عبدالحنان ولد محمد عبد الرﺅف نے 84 فیصد نمبرات لا کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس مرتبہ ایس کے وی جامع مسجد نمبر 1 اُردو میڈیم 10ویں کلاس کا ریزلٹ 100 فیصدر ہا ہے۔ اسکول سے 60 طلباء نے امتحان میں حصہ لیا تھا جس میں سبھی طلباء پاس ہوئے ہیں۔ 10ویں کلاس میں عرب خان نے 76 فیصد نمبرات لا کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

نیو ہورائزن اسکول کا بارہویں جماعت کا ریزلٹ بھی صد فیصد رہا۔ سی. بی. ایس. ای. بورڈ کے ذریعے بارہویں اور دسویں جماعت کے نتائج کے بعد نیو ہورائزن اسکول، نظام الدین، دہلی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بارہویں اور دسویں جماعت کا نتیجہ الحمدللہ قابلِ ستائش رہا اور اسکول کے تینوں شعبوں سائنس، کامرس اور ہیومینٹیز کے سبھی طلبہ نے بہتر کارکردگی کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کر کے اسکول اور اپنے والدین کا نام روشن کیا۔

شعبہ سائنس میں محمد ابو بکر نے 97.25 فیصد نمبرات حاصل کر کے پہلی پوزیشن، محمد اذعان حسن نے 96.5 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن اور محمد مومن نے 94.25 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شعبہ کامرس میں محمد کیف 87 فیصد نمبرات کے ساتھ پہلی پوزیشن، فائز احمد نے 86.25 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن اور محمد ایان شاداب خان نے 85.75 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شعبہ ہیومینٹیز میں محمد عفّان نے 90.25 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن، تنویر زہیر نے 89.5 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن اور مہر صدیقی نے 88.25 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

شمال مشرقی دہلی کے اسکولوں میں مجموعی طور پر نتائج اطمینان بخش رہے اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ اردو میڈیم اسکول کے نتائج سالہائے گزشتہ کے مقابلے کچھ فیصد کم رہے۔ دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں میں جمنا پار کے ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول اور زینت محل (اردو میڈیم) اسکول جعفر آباد کا ریزلٹ گزشتہ برسوں کے مقابلہ بہتر نہ ہونے کی وجہ کووڈ 19 اور لاک ڈاﺅن کا اثر بتایا گیا ہے۔

ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول میں دسویں کلاس کا نتیجہ 66.15 فیصد رہا۔ 195 بچوں نے امتحان دیا جن میں 129 پاس ہوئے، 2 فیل اور 64 بچوں کا کمپارٹمنٹ آیا۔ بارہویں جماعت کا نتیجہ 87.56 رہا۔ بارہویں جماعت کے 193 بچوں نے امتحان دیا جن میں 169 پاس ہوئے، 10 فیل اور 14 کا کمپارٹمنٹ آیا۔ عرشی نے اول پوزیشن، فرحین نے دوسری اور محمد سیف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بارہویں جماعت میں محمد نجم اول، زویا کلثوم دوم اور محمد زید نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح زینت محل اسکول جعفر آباد کا رزلٹ 83.83 رہا۔ 668 طالبات نے دسویں کا امتحان دیا جن میں 560 پاس ہوئیں 7 فیل اور 101 کا کمپارٹمنٹ آیا۔ اس اسکول کا ریزلٹ گزشتہ برس کے مقابلہ بہتر رہا ہے۔

گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد کا نتیجہ 84.76 رہا جو گزشتہ برس کے مقابلے کم ہے۔ 420 بچوں نے بارہویں جماعت کا امتحان دیا جس میں 356 پاس، 30 فیل اور 34 کا کمپارٹمنٹ آیا۔ ان بچوں میں کاشف انصاری نے اردو کے 100 نمبروں میں سے 100 نمبر حاصل کئے اور جغرافیہ میں 100 نمبروں میں سے 99 نمبر حاصل کیے۔ سیلم پور جے بلاک میں واقع نمبر ون اسکول میں دسویں جماعت کے 38 طلبہ نے امتحان دیا جن میں 34 پاس اور 4 کی کمپارٹمنٹ آئے ہیں جس کا نتیجہ 89.47 ہے۔ اسی اسکول کی بارہویں جماعت میں 129 بچوں نے امتحان دیا جس میں 117 پاس ہوئے، 10 کی کمپارٹمنٹ آئی اور 2 فیل ہوئے جس کا نتیجہ 90.69 رہا۔

سرودے بال ودیالیہ برہم پوری کی بارہویں جماعت میں 267 بچوں نے امتحان دیا جن میں سے 225 پاس ہوئے، کمپارٹمنٹ 13 اور 29 فیل ہوئے یعنی 84.26 فیصد بچوں نے کامیابی حاصل کی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *