حیدرآباد:راجیو گاندھی اسٹیڈیم حیدرآباد میں آئی پی ایل 2024 کے 8ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم 20 اوورز میں 246/5 رنز ہی بنا سکی۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے کافی دیر کوشش کی اور 64 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی، لیکن ٹیم کو فتح کی لکیر کے پار نہ لے جا سکے۔ممبئی نے میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو شاید اس میچ میں ان کے لیے ایک بڑی غلطی ثابت ہوئی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے حیدرآباد نے آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا ڈالا ، جس کا تعاقب ممبئی نہیں کر سکا۔ اگرچہ ممبئی کے بلے باز ٹیم کو جیت دلانے کے لیے آخر تک کوشش کرتے رہے لیکن جیت نہیں سکے۔278 رنز یعنی آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹوٹل کا تعاقب کرنے والی ممبئی کی ٹیم نے اچھی شروعات کی۔ روہت شرما اور ایشان کشن نے پہلی وکٹ کے لیے 56 (20 گیندوں) کی شراکت داری کی۔ لیکن ان کو پہلا جھٹکا چوتھے اوور میں ایشان کی صورت میں لگا جو 13 گیندوں میں 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد ممبئی نے روہت شرما کی شکل میں دوسرا وکٹ گنوایا۔ جو پانچویں اوور میں 1 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 26 رنز (12 گیندوں) بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تلک ورما اور نمن دھیر نے تیسری وکٹ کے لیے 84 رنز (37 گیندوں) کی شراکت قائم کی جس نے ایک بار پھر شائقین کی امیدیں جگائیں۔ لیکن یہ شراکت داری 11ویں اوور میں نمن دھیر کی وکٹ پر ختم ہوئی، جو 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 30 رنز (14 گیندوں) بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد تلک ورما 15ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 34 گیندوں میں 2 چوکے اور 3 چھکے لگا کر 64 رنز بنائے۔ اس کے بعد 18ویں اوور میں ٹیم کو پانچواں جھٹکا کپتان ہاردک پانڈیا کی صورت میں لگا۔ کپتان پانڈیا نے 20 گیندوں میں 1 چوکا اور 1 چھکا لگا کر 24 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے سے پہلے ہاردک نے ٹم ڈیوڈ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 42 (23 گیندوں) کی شراکت داری کی تھی۔ ٹم ڈیوڈ آخر تک کھڑے رہے، انہوں نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 42رنز بنائے۔
سن رائزرز حیدرآباد نے 20 اوورز میں تین وکٹ پر 277رنز بنائے، جو کہ آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ ٹیم کے لیے سب سے بڑی اننگز ہینرک کلاسن نے کھیلی، جنہوں نے 34 گیندوں پر 4 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 80رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں میں 3 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ اوپننگ پر آنے والے ٹریوس ہیڈ نے 24 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
No Comments: