قومی خبریں

خواتین

خواتین کے واحدکرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی شاندار فتح 

اس عظیم الشان کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کے نام نیا عالمی ریکارڈ بھی درج

ممبئی :ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں خواتین کے واحدکرکٹ ٹیسٹ میں میچ انگلینڈ کی خاتون کرکٹ ٹیم کو ہرمن پریت کی کپتانی والی ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے 347 رنوں سے روندتے ہوئے تاریخی جیت درج کی۔ پہلی اننگ کے بعد دوسری اننگ میں بھی دیپتی شرما کا جادو انگلش بلے بازوں کے سر چڑھ کر بولا اور پوری ٹیم محض 131 رن پر پویلین لوٹ گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کے نام ایک عالمی ریکارڈ بھی درج ہو گیا۔دراصل ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو جو 347 رنوں سے شکست دی، وہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی جیت ہے۔ ہرمن پریت اینڈ کمپنی نے 25 سال پرانے ریکارڈ کو توڑ ڈالا جب 1998 میں سری لنکا کی خاتون ٹیم نے پاکستان کو 309 رنوں سے ہرایا تھا۔ یعنی خاتون کرکٹ ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم نے رنوں کے لحاظ سے اب تک کی سب سے بڑی جیت درج کی ہے۔
پہلی اننگ میں محض 7 رن دے کر 5 وکٹ اپنے نام کرنے والی دیپتی شرما کا جادو دوسری اننگ میں بھی دیکھنے کو ملا جب 8 اوور میں انھوں نے محض 32 رن دے کر 4 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری اننگ میں پوجا وسترکر کے حصے میں 3 وکٹ آئے۔ راجیشوری گائیکواڈ نے بھی 2 وکٹ اپنے نام کیے۔ دیپتی شرما نے پورے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹ لیے جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پہلی اننگ میں 136 رن بنانے والی انگلینڈ کی ٹیم کا حال دوسری اننگ میں مزید برا رہا۔ انگلش ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ 21 رن کپتان ہیتھر نائٹ نے بنائے، جبکہ چارلوٹ ڈین 20 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگ میں 428 رن بنائے تھے اور دوسری اننگ میں 6 وکٹ پر 186 رن بنانے کے بعد اننگ کو ڈکلیئر کر دیا تھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *