پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن تیجسوی یادو کو راشٹریہ جنتادل کا عملا صدر نامزذ کردیا گیا ہے ۔ اس طرح پارٹی میں ان کا مرتبہ اور اختیار بڑھ گیا ہے ۔ تاحال یہ عہدہ تیجسوی کے والد لالو پرساد یادو کے پاس ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک فیصلہ پٹنہ میں پارٹی کی قومی عاملہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ تیجسوی یادو کے مرتبہ کو پارٹی میں بڑھا دیا گیا ہے ۔ پارٹی میں تیجسوی یادو کے اختیارات کو پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد یادو کے برابر کردیا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں پارٹی کے سینئر قائدین بشمول ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور کونسل بھی موجود تھے ۔ اس کے علاوہ لالو پرساد یادو ‘ ان کی شریک حیات رابڑی دیوی اور ان کی بڑی دختر میسا بھارتی بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ اس قرار داد کے ذریعہ تیجسوی یادو کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ پارٹی کے دستور میں ترمیم ‘ پارٹی ٹکٹ اور انتخابی نشان کے تعلق سے لالو پرساد یادو سے مشاورت کرتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں۔ راشٹریہ جنتادل انڈیا اتحاد کی ایک بڑی جماعت ہے ۔ تیجسوی یادو نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں آر جے ڈی کے اسٹار کیمپینر کی ذمہ داری نبھائی تھی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے جو پارٹی نے ان پر عائد کی ہے ۔ ہمیں بہار کو ملک کی سرفہرست ریاست بنانا ہے ۔ اس کیلئے ہمارے پاس ویژن اور بلیوپرنٹ موجود ہے۔ ہم بہار میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا میں شیوسینا اور این سی پی میں ہوئی پھوٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پارٹی کو ایسی کسی صورتحال سے بچانے تیجسوی یادو کو یہ مرتبہ دیا گیا ہے ۔ پارٹی کو اسمبلی انتخابات کیلئے تیار کرنے اورکارکنوں میں جوش و خروش پیدا کرنے کیلئے بھی تیجسوی کو یہ عہدہ دیا گیا ہے ۔ تیجسوی نے کہا کہ انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اور ان پر جو بھروسہ کیا گیا ہے وہ اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے ۔
No Comments: