سمستی پور:اساتذہ قوم کے معمار ہیں۔ وہ ہمارے قوم کے مستقبل کی صورت گری کرتے ہیں۔ ماں باپ کے بعد سب سے زیادہ رتبہ استاذ کا ہوتا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ آج اساتذہ اور طلبہ کا رشتہ کمزور ہوگیا ہے اس میں روحانیت کی جگہ مادیت نے لے لی ہے۔ طلبہ اور اساتذہ دونوں کا نقطۂ نظر تاجرانہ ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب نہ طلبہ میں اساتذہ کا احترام باقی ہے اور نہ اساتذہ کو طلبہ سے لگاؤ ہے۔ دونوں کاروباری ہوچکے ہیں۔ اس افتاد نے ہمارے نظامِ تعلیم کو یکسر کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ جہالت اور کم علمی روز بروز عام ہوتی جا رہی ہے ۔ مذکورہ باتیں ڈاکٹر محمد صفوان صفوی صدر شعبۂ اُردو سمستی پور کالج نے یومِ اساتذہ کے موقع پر طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ آج مورخہ ۵ ستمبر ۲۰۲۳ کو شعبہ اردو سمستی پور کالج سمستی پور کے طلبا کے ذریعے یومِ اساتذہ کی تقریب نہایت دھوم دھام اور کرّ و فر سے منائی گئی۔ اس موقع پر سب سے پہلے صدر شعبہ کے ہاتھوں کیک کاٹنے کی رسم انجام دی گئی بعد ازاں طلبہ کے ذریعے ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ ہروگرام کی نظامت ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے اور صدارت ڈاکٹر محمد صفوان صفوی نے انجام دی۔ ڈاکٹر محمد جاوید انور صدر شعبہ پولیٹکل سائنس پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر متعدد طلبہ و طالبات نے اپنی نظموں اور تقریروں سے اپنے اساتذہ کو نذرانۂ عقیدت و محبت پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز محمد شہباز کی نعت شریف سے ہوا بعد ازاں نازیہ پروین جتوار پور نے اساتذہ کی شان میں ایک استقبالیہ نظم پڑھی۔ سید محمد شہباز ثاقب نے اپنے خوبصورت کلام اور دلنشیں آواز میں اپنے اساتذہ کرام کی خدمت میں منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کچھ طلبا نے اس موقع پر تقاریر کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کے رشتے پر اپنے بیش قیمت جذبات کا اظہار کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر جاوید انور کے تاثراتی کلمات پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
MashaAllah Nazia good tumne to Kamal kardiya sagirda ho to aisi,
????????????????????❤️❤️❤️❤️