
بنگلور 28مارچ(میرا وطن نیوز )
آل انڈیا ملی کونسل نے پی ای ایس (پی ای ایس) یونیورسٹی، بنگلور کے ایک پروفیسر کی جانب سے کلا س روم کے اندر ایک مسلم طالب علم، عفان کو ’دہشت گرد‘ کہہ کر پکارنے کے شرمناک اور انتہائی افسو سنا ک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کونسل کے مرکزی دفتر سے جاری بیان میں معاون جنرل سکریٹری سلیمان خان نے اس بات پر گہر ے دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے مقدس مراکز، جہاں اخلاقیات اور روادار ی کا سبق دیا جانا چاہیے، وہاں اس طرح کی متعصبانہ اور نفرت انگیز ذہنیت پروان چڑھ رہی ہے۔ ا یک طالب علم کو صرف اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا نہ صرف تعلیمی آداب کے خلاف ہے بلکہ یہ ملک کے آئین اور انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ پروفیسر کی محض معطلی یا عارضی سبکدوشی اس سنگین جرم کا مداوا نہیں ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ متعلقہ پروفیسر کو فوری اور مستقل طور پر برطرف کرے۔
سلیمان خان نے کرناٹک سرکاراور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پروفیسر کے خلاف نفرت انگیز تقریر اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی دفعات کے تحت مقد مہ درج کیا جائے اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کیمپس کے اندر اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے طلبہ خود کو محفوظ محسوس کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدِ باب کرنے کے لیے ٹھوس پالیسی وضع کی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آل انڈیا ملی کونسل متاثرہ طالب علم عفان اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ تعلیمی اداروں میں ’اسلامو فوبیا‘ اور نفرت کی کسی بھی شکل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
No Comments: