
نئی دہلی، 24مارچ(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے منگل کوبی جے پی سرکارکی نااہلی کے باعث پالم آتشز دگی میں 9افراد کی موت کا معاملہ راجیہ سبھا میں اٹھاتے ہوئے قصورواروں کے خلاف قتل کا مقدمہ چلا نے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پالم آتشزدگی میں 9افراد کی موت سرکاری لاپرواہی کے سبب ہوا قتل ہے۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ہائیڈرولک سیڑھی کھلی ہی نہیں اور نہ ہی فائر بریگیڈ کے پاس ایسا جال تھا جس پر کود کر لوگ اپنی جان بچا سکتے۔ اس کے باوجود سرکار کا ایک وزیر کہہ رہا ہے کہ اس واقعے میں خود خاندان کی غلطی ہے۔ آخر بی جے پی کے لوگوں میں اتنی بے حسی کہاں سے آتی ہے؟ مرکزی حکومت اس معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائے اور قصوروار افسران کے خلاف کارروائی کے ساتھ ذمہ دار وزیر سے بھی استعفیٰ لیا جائے۔
منگل کو راجیہ سبھا میں سنجے سنگھ نے کہا کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں صدرِ جمہوریہ اور وزیر اعظم رہتے ہیں، یہیں پوری حکومت بیٹھی ہے اور دنیا کے مختلف ممالک کے سفارت خانے بھی موجود ہیں۔ اسی پار لیمنٹ سے چند کلومیٹر دور پالم علاقے میں ایک بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں راجندر کشیپ کا پورا خاندان ختم ہو گیا۔ ان کا بڑا بیٹا، دو بہوئیں، تین کمسن بچیاں، ان کی اہلیہ اور ایک بیٹی سمیت کل نو افراد کی جان چلی گئی۔ جلنے کے بعد ماں اور بیٹی کو الگ تک نہیں کیا جا سکا۔ نو افراد کی موت ہوئی، لیکن چتائیں صرف آٹھ ہی جل سکیں۔
No Comments: