قومی خبریں

خواتین

مغربی بنگال میں 2010 کے بعد جاری تمام او بی سی سرٹیفکیٹس کو رد کرنے کا حکم

کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کا ان لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جنہیں ملازمت مل چکی ہے

کولکتہ :کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال میں 2010 کے بعد سے جاری تمام او بی سی سرٹیفکیٹس کو رد کرنے کا حکم دیا ہے۔ جج تپبرت چکرورتی اور راج شیکھر منتھا کی ڈویژن بنچ نے بدھ (22 مئی) کو او بی سی سرٹیفکیٹ دینے کے عمل کو چیلنج کرنے والی مفاد عامہ کی ایک درخواست پر سماعت کے بعد یہ فیصلہ دیا ہے۔ اسی کے ساتھ عدالت نے مغربی بنگال پسماندہ طبقات کمیشن کو او بی سی کی ایک نئی فہرست تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے اس حکم سے تقریباً 5 لاکھ او بی سی سرٹیفیکٹس رد ہو جائیں گے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے اس ضمن میں پایا کہ 2010 کے بعد بنائے گئے او بی سی سرٹیفکیٹس قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے نہیں بنائے گئے تھے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد منسوخ ہونے والے سرٹیفکیٹس کو کسی بھی ملازمت کے عمل میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اس سرٹیفکیٹ کے حاملین جنہیں پہلے ہی موقع مل چکا ہے اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے۔
کلکتہ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ 2010 کے بعد بنائے گئے تمام او بی سی سرٹیفکیٹس قانون کے مطابق صحیح طریقے سے نہیں بنائے گئے، اس لیے ان سرٹیفکیٹس کو رد کیا جائے۔ حالانکہ اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس ہدایت کا ان لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جنہیں اس سرٹیفکیٹ کے ذریعے ملازمت مل چکی ہے یا وہ نوکری حاصل کرنے کے مراحل میں ہیں۔ البتہ دوسرے لوگ اب اس سرٹیفکیٹ کو ملازمت کے عمل میں استعمال نہیں کر سکیں گے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *