
نئی دہلی، 8اپریل(میرا وطن نیوز)
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے مودی سرکارکی غلط خارجہ پالیسیوں کے با عث مسلسل متاثر ہو رہی بھارت کی عالمی ساکھ پر وزیر اعظم کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہی ہی، کھی کھی اور زبردستی گلے پڑنے والی خارجہ پالیسی نے دنیا بھر میں بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
اس موقع پر سنجے سنگھ نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں امن معاہدہ کرانے کے عمل میں ایک دہشت گرد ملک پاکستان امن کا سفیر بن کر سامنے آیا، جبکہ مہاتما گاندھی اور گوتم بدھ کا ملک بھارت تنہا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے مودی جی کو اچھی طرح بے وقوف بنایا اور جنگ سے پہلے انہیں اسرائیل بھیج کر بھارت کو اپنے روایتی دوست ایران سے بھی دور کر دیا۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ پوری دنیا کے لیے یہ ایک راحت کی خبر ہے کہ امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیا ن جاری جنگ 15دنوں کے لیے تھم گئی ہے۔ تاہم ایران کو امریکہ اور اسرائیل پر نظر رکھنی ہوگی، کیونکہ وہ دھوکے سے حملہ کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ کیا 15دن بعد پھر ویسی ہی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے؟ اس حوالے سے ایران کو محتاط رہنا چاہیے۔
No Comments: