
نئی دہلی، 14مارچ(میرا وطن نیوز)
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے مبینہ شراب گھوٹالہ کیس کو لے کر ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے۔ اس بار انہوں نے یوٹیوبر دھرو راٹھی کی اس تحقیقی ویڈیو رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو نشانہ بنایا ہے جو شراب گھوٹالہ معاملے میں نچلی عدالت کے فیصلے پر مبنی ہے۔ انہوں نے ملک کے عوام سے اس ویڈیو کو دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب عوام بھی کہنے لگے ہیں کہ مودی جی کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ مودی جی بے ایمانی اور سازش کے ذریعے انتخابات جیت رہے ہیں۔ اسی لیے عام آدمی پارٹی کے خلاف آزاد ہندوستان کی سب سے بڑی سازش رچی گئی اور دہلی کی اقتدار پر قبضہ کیا گیا۔
اروند کجریوال نے سوشل میڈیا پر یوٹیوبر دھرو راٹھی کی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مانتے ہیں کہ مودی جی کی مقبولیت تیزی سے گھٹتی جا رہی ہے۔ اب وہ بے ایمانی اور سازش کے ذریعے انتخا با ت جیت رہے ہیں۔انہوں نے ملک کے عوام سے اپیل کی’ وہ دھرو راٹھی کی اس ویڈیو کو ضرور دیکھیں ۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح عام آدمی پارٹی کے خلاف آزاد ہندوستان کی سب سے بڑی سازش رچی گئی اور کس طرح دہلی کی اقتدار پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف عام آدمی پارٹی کا نہیں بلکہ ہمارے ملک کو بچانے کا ہے۔ ہر محبِ وطن کو یہ ویڈیو ضرور دیکھنی چاہیے۔
دوسری جانب دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی پنجاب کے انچارج منیش سسودیا نے بھی دھرو راٹھی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بی جے پی کی مبینہ سازشوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دھرو راٹھی نے نام نہاد شراب گھوٹالہ کی حقیقت پر ایک انتہائی شاندار اور حقائق پر مبنی ویڈیو بنائی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ بہت واضح انداز میں بتاتے ہیں کہ اس مبینہ گھوٹالے کی کہانی اس دن سے شر وع نہیں ہوتی جب دہلی کی ایکسائز پالیسی بنی۔
No Comments: