
نئی دہلی، 5اپریل(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سنجیو جھا نے اتوار کوایل پی جی بحران کے سبب دہلی چھوڑنے پر مجبور مہا جر غر یب مزدوروں کے معاملے پر بی جے پی سرکارکونشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض گیس کی کمی نہیں ہے، بلکہ بی جے پی سرکار جان بوجھ کر ایل پی جی بحران پیدا کر کے مہاجر مزدوروں کو اپنے آبائی ریاستوں کو واپس جانے پر مجبور کر رہی ہے۔
اس موقع پر سنجیو جھا نے کہا کہ یہ غریب اور مہاجر مزدوروں کے ووٹ کاٹنے کی ایک منظم حکمت عملی ہے ۔ جب یوپی اور بہار کے لوگ واپس چلے جائیں گے تو بی جے پی ایس آئی آر کے ذریعہ ان کے ووٹ کٹوا دے گی۔ اسی لیے گیس کی کالابازاری کو تحفظ دیا جا رہا ہے اور گیس 500سے 1000روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر بہار اور یوپی کے مزدوروں پر پڑ رہا ہے، جن کے پاس نہ گیس ہے اور نہ روزگار، اس لیے وہ مجبور ہو کر دہلی چھوڑ رہے ہیں۔
سنجیو جھا نے کہا کہ آج بی جے پی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پورا ملک گیس کے بحران سے گزر رہا ہے ۔ لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور لوگ پریشان ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بی جے پی کے لیڈر دعو یٰ کر رہے ہیں کہ کوئی مسئلہ نہیں ہے اور گیس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اگر گیس کی کمی نہیں ہے تو پھر لوگوں کو گیس کیوں نہیں مل رہی ہے ؟ اس کا مطلب صاف ہے کہ درمیان میں بڑے پیمانے پر کالابازاری ہو رہی ہے۔
No Comments: