قومی خبریں

خواتین

مہاراشٹر میں کسی مسلم لیڈر کو امیدوار نہ بنانے پر محمد عارف نسیم خان ناراض

کانگریس لیڈر نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان ان سے پوچھ رہے ہیں کہ مسلم امیدوار کیوں نہیں ؟

ممبئی : مہاراشٹرکے کانگریس لیڈمحمد عارف نسیم خان نے ریاست میں کسی بھی مسلم لیڈر کو امیدوار نہ بنانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی مہم کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی سربراہ ملکارجن کھرگے کو ایک خط لکھ کر کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے لیے مہم نہیں چلائیں گے کیونکہ اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے کوئی مسلم امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔
سابق ریاستی وزیر نے اپنے خط میں لکھا کہ مہاراشٹر کی کل 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے ایم وی اے نے ایک بھی مسلم امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی کئی مسلم تنظیمیں، لیڈر اور پارٹی کارکنان امید کر رہے تھے کہ کانگریس اقلیتی برادری سے کم از کم ایک امیدوار کو نامزد کرے گی، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔60 سالہ کانگریس لیڈر نے کہا کہ پارٹی کے سبھی رہنما اور کارکنان اب ان سے پوچھ رہے ہیں کہ کانگریس کو مسلم ووٹ چاہئے، امیدوار کیوں نہیں ؟ میں مسلمانوں کا سامنا نہیں کر پارہا ہوں اور میرے پاس ان کا کوئی جواب نہیں ہے۔
کانگریس مہاراشٹر کی 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے 17 پر شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (شرد چندر پوار) کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑ رہی ہے۔ وہ اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کا ایک حصہ ہے۔ محمد عارف خان ممبئی نارتھ سینٹرل سے ٹکٹ کی ریس میں تھے، لیکن پارٹی نے اس حلقے کے لیے سٹی یونٹ کی صدر ورشا گائیکواڑ کا انتخاب کیا۔ انہوں نے ممبئی کے چندیوالی سے 2019 کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا، جہاں وہ صرف 409 ووٹوں سے ہار گئے تھے ۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *