ممبئی پولیس نے نوئیڈا سے ایک 20 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے کچھ دن قبل ممبئی کے ایم ایل اے ذیشان صدیقی کے دفتر میں کال کر کے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس کے مطابق، یہ کال باندرہ ایسٹ میں واقع ذیشان صدیقی کے عوامی رابطہ دفتر کے لینڈ لائن نمبر پر موصول ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز کال گزشتہ جمعہ کی شام کو کی گئی تھی، جس میں نہ صرف ذیشان صدیقی بلکہ اداکار سلمان خان کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا اور فون پر پیسوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ذیشان صدیقی کے دفتر کے ایک ملازم کی شکایت پر باندرہ کے نرمل نگر پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی اور مقام کا پتہ لگاتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی۔پولیس ذرائع کے مطابق، نوئیڈا کے سیکٹر 39 تھانے کے حدود سے ایک 20 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت محمد طیّب کے نام سے ہوئی ہے، جو دہلی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
ممبئی پولیس نے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ اب تک کی تحقیقات میں اس کے کسی بڑے گروہ سے تعلق کا ثبوت سامنے نہیں آیا۔پولیس نے یہ بھی بتایا کہ یہ دھمکی فون لائن کے علاوہ دفتر کے واٹس ایپ نمبر پر بھی موصول ہوئی تھی، جس میں ذیشان صدیقی اور سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی اور پیسوں کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے آ سکیں۔یاد رہے کہ ذکر ہے کہ ذیشان صدیقی کے والد بابا صدیقی کو چند دن قبل ممبئی میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ذیشان صدیقی کو بھی دھمکی موصول ہوئی۔ اس واقعے نے ممبئی کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے اور پولیس معاملے کی سنجیدہ تحقیقات کر رہی ہے۔
No Comments: