بھوبنیشور: اوڈیشہ کے سمبل پور میں واقع ایک مسجد کے قریب کچھ شرپسندوں نے بم دھماکہ کیا، جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو مغرب کی نماز کے بعد سمبل پور کی مسجد کے باہر شرپسندوں کےگروپ نے اوور بریج سے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ بم دھماکہ میں تین مسلمانوں کے زخمی ہونے اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ اڈیشہ کے سمبل پور میں پیر بابا چوک پر واقع صدر مسجد کے باہر نماز مغرب کے بعد بم پھینکا گیا۔ ایس پی مکیش بھامو نے بتایا کہ حالات قابو میں ہے اور اشرار کی تلاش کی جارہی ہے۔ دھماکہ کے بعد مسجد کے قریب بڑی تعداد میں مسلمان جمع ہوگئے اور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا اور ملزمین کی تلاش کی جارہی ہے۔کلکٹر اکشے سنیل اگروال نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔
No Comments: