قومی خبریں

خواتین

شمالی ہند میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کا دور جاری

فضائی اور ٹرین خدمات متاثر، ژالہ باری کے لیے یلو الرٹ جاری

شمالی ہند کی ریاستوں میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کا دور جاری ہے۔ فی الحال لوگوں کو اس سے راحت ملنے کا امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔ میدانی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کے ساتھ کہرے کی مار نے لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وہیں پہاڑی علاقوں میں برفباری سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔

گھنے کہرے کی وجہ سے جمعہ کو بھی دہلی میں کئی مقامات پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی۔ اس وجہ سے آئی جی آئی ایئر پورٹ پر تقریباً 150 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ 33 سے زیادہ ٹرینیں دہلی سے دیر سے چلیں جبکہ 100 سے زیادہ ٹرینیں تاخیر سے دہلی پہنچیں۔ گھنے کہرے کا اثر سڑکوں پر بھی دیکھنے کو ملا اور وہاں گاڑیاں رینگتی ہوئیں نظر آئیں اور کئی جگہوں پر چھوٹے بڑے حادثے بھی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اونچائی والے علاقوں میں برفباری کے آثار ہیں۔ نچلے علاقوں میں کہیں کہیں آواز اور چمک کے ساتھ ژالہ باری کو لے کر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ادھر ہماچل پردیش میں جمعہ کو پہاڑیوں پر ہلکی دھوپ کھلی لیکن میدانی علاقوں میں گھنے کہرے اور شدید سرد لہر نے لوگوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت لاہول-اسپیتی کے تابو میں منفی 11٫7 ڈگری سیلسیس رہا۔

منالی-کیلنگ راستے پر برفباری کی وجہ سے بند ہوئی بس خدمات تین ہفتہ کے بعد بحال ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو دوپہر بعد سے اونچے علاقوں میں کچھ مقامات پر برفباری اور کچھ نچلے مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *