وائناڈ:کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس میں سینکڑوں افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ حادثہ آج یعنی 30 جولائی کی صبح وائناڈ ضلع کے میپاڈی، منڈکائی ٹاؤن اور چورل مالا میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے سے کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم سرکاری طور پر ابھی36 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔لینڈ سلائیڈنگ سے زخمی ہونے والے 50 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پہلا لینڈ سلائیڈنگ منڈکائی ٹاؤن میں 1 بجے کے قریب شدید بارش کے دوران ہوا۔ منڈکائی میں ابھی بھی ریسکیو آپریشن جاری تھا کہ صبح 4 بجے کے قریب چورل مالا میں ایک اسکول کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اسکول جو کہ کیمپ کی طرح چل رہا تھا وہاں آس پاس کے مکانات اور دکانیں پانی اور کیچڑ سے بھر گئیں اور فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلی کے دفتر (سی ایم او) نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیے گئے ہیں اور فضائیہ کو ریسکیو آپریشن میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی ایم او نے کہا، “ویاناڈ میں بھاری بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ محکمہ صحت- قومی صحت مشن نے کنٹرول روم کھول دیا ہے اور ہنگامی امداد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 9656938689 اور 8086010833 جاری کیے گئے ہیں۔ فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 اور ایک اے ایل ایچ روانہ ہو گیا ہے۔ “کیرالہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (کے ایس ڈی ایم اے) نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں فائر ڈپارٹمنٹ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ کے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ کنور ڈیفنس سیکورٹی کور کی دو ٹیمیں بھی امدادی کارروائی میں مدد کے لیے وائناڈبھیجی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے بتایا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے تلے سینکڑوں افراد دب گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔
No Comments: