قومی خبریں

خواتین

گردابی طوفان کے پیش نظر مغربی بنگال اور اڈیشہ میں اسکول و کالج بند

دونوں حکومتوں نے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کا کام شروع کر دیا

گردابی طوفان کے پیش نظر احتیاطاً مغربی بنگال اور اڈیشہ کے کئی اضلاع میں اسکول و کالج بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 200 ٹرینیں بھی رَد کر دی گئی ہیں۔مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں ایئرپورٹ اور دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی سے متعلق احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سمندری ساحلوں پر احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے اور ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیشہ اور بنگال دونوں ہی حکومتوں نے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ انڈین کوسٹ گارڈ کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گردابی طوفان ’دانا‘ 23 سے 25 اکتوبر کے درمیان 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحلی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ ماہی گیروں کو 23 سے 25 اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔
’نیوز 18‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اڈیشہ کے وزیر برائے ریونیو و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سریش پجاری نے بتایا کہ ریاست میں 800 سائیکلون شیلٹر تیار کیے گئے ہیں جہاں لوگوں کو محفوظ پناہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی 500 عارضی شیلٹر تیار کیے گئے ہیں۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی نے بھی یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ حساس علاقوں سے 100 فیصد لوگوں کو محفوظ نکالا جائے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال کے 7 اضلاع میں 23 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک اسکول بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ذیلی علاقوں میں مقیم لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کے ذریعہ گردابی طوفان سے نمٹنے کے لیے دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوب-مشرق ریلوے نے اڈیشہ سے گزرنے والی 94 ٹرینوں کو اور ریاست کے مشرق کی طرف جانے والی تقریباً 103 ٹرینوں کو رد کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ آسام سے جانے والی 5 ٹرینوں کو بھی احتیاطاً بند کیا گیا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *