قومی خبریں

خواتین

دہلی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب

اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1 کی چھت بھی گر نے سے تین زخمی

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں مانسون سے پہلے کی پہلی بارش نے جہاں گرمی سے کافی راحت فراہم کی ہے وہیں لوگوں کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ جمعہ کی صبح تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ اس کے علاوہ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1 کی چھت بھی گر گئی، جس کی زد میں کئی گاڑیاں آ گئیں۔ اس میں بیٹھے 3 افراد شدید زخمی ہوئے اور ایک شخص پھنس گیا۔
اطلاع ملتے ہی کئی فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پا لیا۔ دہلی فائر سروس کے ایک عہدیدار نے کہا، ’’علی الصبح تقریباً 5.30 بجے، ہمیں دہلی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 پر چھت گرنے کی اطلاع ملی۔ 3 فائر انجنوں کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔‘اس حادثے کے بعد مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’میں دہلی ایئرپورٹ کے ٹی-1 پر چھت گرنے کے واقعے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ ابتدائی امدادی ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں۔ نیز، ایئر لائنز کو ٹی-1 پر تمام متاثرہ مسافروں کی مدد کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔اس حادثے کی تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں جن میں ٹرمینل کی بھاری بھرکم چھت گاڑیوں پر گر گئی ہے۔ گاڑی میں بیٹھے لوگ بھی اس کی زد میں آ گئے۔ بڑی مشکل سے انہیں بچایا گیا۔ اس حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *