علی گڑھ :پروفیسر نعیمہ خاتون کوعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ 100 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی خاتون کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا وائس چانسلر بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل 1920 میں بیگم سلطان جہاں کو اے ایم یو کا وائس چانسلر بنایا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ پروفیسر نعیمہ خاتون اے ایم یو میں ویمنس کالج کی موجودہ پرنسپل ہیں اور وہ کارگزار وائس چانسلر محمد گلریز کی شریک حیات ہیں۔ پروفیسر نعیمہ خاتون کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے منظوری ملنے کے بعد اے ایم یو کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ چونکہ ابھی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے، اس لیے پروفیسر نعیمہ خاتون کی تقرری سے قبل الیکشن کمیشن سے منظوری بھی طلب کی گئی تھی۔ جو آفیشیل نوٹیفکیشن سامنے آیا ہے، اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’ویمنس کالج کی پرنسپل نعیمہ خاتون کو پانچ سال کی مدت کے لیے اے ایم یو کی وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ اسے اے ایم یو وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق تجویز پر انتخابی ضابطہ اخلاق کے نظریہ سے کوئی اعتراض نہیں ہے، بشرطیکہ اس سے کوئی سیاسی فائدہ نہ لیا جائے۔
واضح رہے کہ 1875 میں قائم محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کو 1920 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا نام دیا گیا تھا۔ 1920 میں ہی بیگم سلطان جہاں کو اے ایم یو کی وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ بیگم سلطان جہاں کا تعلق بھوپال کے شاہی گھرانہ سے تھا۔ اس کے بعد 100 سال کی مدت میں اے ایم یو کی وائس چانسلر مقرر کی گئیں پروفیسر نعیمہ یہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔
No Comments: