نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی کا بھوٹان کا دورہ خراب موسم کی وجہ سے ملتوی ہو گیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے اس تعلق سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ایم مودی کا 21-22 مارچ کو بھوٹان کا دورہ وہاں موسم ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے، بہت جلد دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ’’پارو ہوائی اڈے پر خراب موسم کی وجہ سے وزیر اعظم مودی کے بھوٹان کے سرکاری دورے کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک سفارتی ذرائع سے نئی تاریخوں پر غور کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ پی ایم مودی 21-22 مارچ کو بھوٹان کا سرکاری دورہ کرنے والے تھے۔ اس دوران وزیر اعظم کو بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیال وانگچک اور ان کے والد جگمے سنگیے وانگچک (بھوٹان کے سابق بادشاہ) سے ملاقات کرنی تھی۔ اس کے علاوہ پی ایم مودی کو اپنے بھوٹانی ہم منصب شیرنگ ٹوبگے سے بھی بات کرنی تھی۔
No Comments: