قومی خبریں

خواتین

وقف ترمیمی بل پیش ہونے سے پہلے اس کی مخالفت کرنا گمراہ کن

آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے چیئرمین سید نصیر الدین چشتی اور دیگر سجادگان کا انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب

نئی دہلی:حکومت ہند کی جانب سے وقف ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کی خبر سے ہنگامہ برپا ہو گیا اور اس کی مخالفت بھی شروع ہو گئی ہے لیکن آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نے حکومت کے اس اقدام کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ جب تک کوئی ترمیمی بل سامنے نہیں آ جاتا اس کی مخالفت کرنا گمراہ کن ہے۔ یہاں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی اہم سجادگان نے شرکت کی اور اپنے خیالات پیش کیے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے بانی چیئرمین سید نصیرا لدین چشتی نے کہا کہ ہمیں میڈیا کی جانب یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ حکومت ہند جلد ہی وقف ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے جا رہی ہے۔سب سے پہلے تو ہم حکومت ہند کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ اس وقت اس کی بہت ضرورتہے۔انھوں نے کہا کہ بات یہ ہے کہ آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے علاوہ کئی تنظیموں کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ وقف کے موجودہ قانون میں ترمیم کی جائے۔ہم لوگ درگاہوں سے تعلق رکھتے ہیں۔اس موجودہ وقف قانون میں درگاہوں سے متعلق کچھ بھی خاص نہیں ہے۔ہم موجودہ قانون سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔اس وقت درگاہیں اور خانقاہیں ملک میں وقف کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہیں لیکن ہمارے لیے قانون میں کوئی سہولت نہیں ہے۔ہم نے حکومت ہند کو ممورینڈم دیا تھا کہ موجودہ وقف قانون میں ترمیم کی جائے اور آج یہ معلوم ہوا ہے کہ حکومت ہند وقف ترمیمی بل لانے جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ابھی تک بل پیش نہیں ہوا ہے جب بل پیش کیا جائے گا تو ہم اس کا گہرائی سے مطالعہ کریں گے۔مطالعہ کرنے کے بعد ہم اپنی بات بھی حکومت ہند کے سامنے رکھیں گے کہ آخر ہم لوگ کیا چاہتے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ حکومت ہند ہماری باتوں کو سنیں گی۔انھو ں نے کہا کہ درگاہوں کی پوزیشن ڈیفائن ہونا بہت ضروری ہے۔سجادہ نشین کے حقوق اور ان کا احترام بہت ضروری ہے، موجودہ وقف قانون میں سجادہ نشینوں کا تحفظ کہیں نہیں ہے جو ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں ملک کے عوام سے،تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ مسلمانوں کے مفاد سے جڑا ہوا معاملہ ہے اس لیے اس پر کوئی سیاست نہ کی جائے۔اس پر ایک اچھا بل آنا چاہئے۔اچھی بحث ہونی چاہئے۔جو لوگ مخالفت کر رہے ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ مخالفت کرنے کی بجائے مباحثہ میں حصہ لیں اور حکومت ہند کا ساتھ دیں، تعاون کریں تاکہ ایک اچھا بل آ سکے۔وقف کے اندر شفافیت کا ہونا بہت ضروری ہے۔آج وقف بورڈ میں کہیں بھی آپ چلے جائیں سب سے زیادہ بدعنوانی ہے۔کچھ شق تو ایسی ہیں کہ شریعت کے مطابق بھی وہ ٹھیک نہیں ہیں۔ہم نے اپنے ماہرین سے اس سلسلہ میں بات کی ہے۔ایک شق ہے کہ سروے کی بنیاد پر وقف بورڈ زمین کو وقف قرار دے دیتا ہے۔جہاں تک شریعت کا سوال ہے تو بغیر واقف کی منشا کو سمجھے کوئی وقف نہیں مانا جائے گا۔ واقف کی منشا کے مطابق اس کا استعمال ہونا ضروری ہے۔جو نہیں ہو رہا ہے۔جو قانونی عمل ہے وہ بہت ہی مشکل والا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ عدالتی کاروائی بہت آسان ہونی چاہئے۔جلد از جلد اس پر فیصلہ ہونا چاہئے۔پوری زندگی گزر جاتی ہے لیکن فیصلہ نہیں ہو پاتا۔مرنے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ وقف جائیداد غلطی سے قرار دے دی گئی تھی۔حکومت ہند کی جانب سے لائے جانے والے بل کا ہم ابھی سے خیرمقدم کرتے ہیں اور امید ہے کہ یہ ایک اچھا بل اور مسلمانوں کے حق میں بل ہوگا۔جب بل پیش ہوگا تو ہم بھی اپنی بات حکومت ہند کے سامنے پیش کریں گے۔اس سلسلہ میں قومی سلامتی کے سربراہ اجیت ڈوبھال اور مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رججو سے ہماری ملاقات ہوئی ہے اور ہم نے ان کی خدمت میں اپنی باتیں تحریری طور پر پیش کی ہیں۔انھوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ابھی کوئی ڈرافٹ یا بل سامنے نہیں آیا تو وہ کس بات کی مخالفت کر رہے ہیں اور کیا اس سلسلہ میں انھوں نے حکومت ہند سے کوئی بات کی۔ در اصل وہ گمراہ کرنے والی بات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ درگاہوں اور خانقاہوں کا اپنا ایک الگ بورڈ بنایا جائے تاکہ ان کا تحفظ ہو سکے اور ا ن کے وقار کو بحال کیا جا سکے۔اس پریس کانفرنس میں مختلف درگاہوں کے سربراہان بھی موجود تھے جو اس کونسل کے عہدیدار بھی ہیں سید نصیر الدین چشتی (اجمیر درگاہ کے روحانی سربراہ کے جانشین)، غلام نجمی فاروقی،نائب سجادہ نشین درگاہ صوفی کمال الدین صاحب راجستھان (اے آئی ایس ایس سی کے قومی سکریٹری)،عبدالقادر قادری، اے آئی ایس ایس سی حیدرآباد کے نیشنل کوآرڈینیٹر، سید علی ذکی حسینی صاحب درگاہ گلبرگہ شریف کرناٹک (AISSC کے ریاستی صدر کرناٹک)،فرید احمد نظامی سجادانشین درگاہ نظام الدین اولیاء (AISSC کے دہلی ریاستی صدر)،ارشد فریدی نائب سجادہ نشین،درگاہ فتح پور سیکری۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *