چینئی : تاملناڈو کے شمالی حصوںاور پڈوچیری میں کئی مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ طوفان فینگل پڈوچیری سے 120 کیلومیٹر مشرق میں اثر انداز ہوا ہے ۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ آج رات دیر گئے تک یہ طوفان ٹاملناڈو میں کرائیکل اور مملاپورم سے ٹکرا جائے گا ۔ علاقائی محکمہ موسمیات چینائی نے چینائی ‘ تروالور ‘چینگل پٹو ‘ کانچی پورم ‘ ویلوپورم ‘ کلاکروچی اور کڈلور اضلاع کے علاوہ پڈوچیری کیلئے شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے ۔ چینائی ائرپورٹ پر بھی طوفان کا اثر دیکھنے کو ملا ہے اور آج شام تک اس کی تمام سرگرمیوں کو روکتے ہوئے پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ اس کے علاوہ چینائی میٹرو ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔ سڑکوں پر بسیں بھی بہت کم تعداد میں چلائی گئی ہیں۔ چینائی ائرپورٹ پر تمام خدمات کو اتوار کی صبح 4 بجے تک کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔ ٹاملناڈو ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے عوام کی سہولت کیلئے ہیلپ لائین اور واٹس ایپ نمبرات بھی جاری کردئے ہیں۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ طوفان کے اثر کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو پیش قیاسی ہے اس کے مطابق ٹاملناڈو کے کئی اضلاع میں آئندہ دو دن تک شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طوفان فینگل کی وجہ سے چینائی ائرپورٹ پر تمام فضائی خدمات متاثر ہوگئی ہیں اس کے علاوہ چینائی آنے والی اور چینائی سے روانہ ہونے والی کئی ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک شخص چینائی کے ایک اے ٹی ایم برقی شاک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا اور اس کی شناخت ورما کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ اس کی نعش پانی میں بہتی ہوئی پائی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے کچھ اضلاع میں بہت شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ آج موسم کو دیکھتے ہوئے سارے ٹاملناڈو میں تعلیمی اداروں اسکولس کالجس وغیرہ کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ بیشتر اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر احتیاطی اور ہنگامی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ این ڈی آر ایف اور اسٹیٹ ڈزاسٹر ریسپانس ٹیمیں بھی کئی اضلاع میں متعین کردی گئی ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ سمندر میں بلند و بالا موجیں بھی آسکتی ہیں ۔ بارش سے متعلقہ واقعات میں جملہ تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں ایک غیر مقامی ورکر بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوسکتا ہے ۔ طوفان کے اثر سے آندھرا پردیش کے کئی ساحلی مقامات اور ٹاملناڈو کی سرحد سے جڑے اضلاع میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔
No Comments: