نئی دہلی : مرکزی وزیرمالیات نرملا سیتارمن کے شوہر و سیاسی ماہر معاشیات ڈاکٹر پرکالا پربھاکر نے کہا کہ اگر بی جے پی مجوزہ لوک سبھا انتخابات میںکامیابی حاصل کرلیتی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی 2024 میں دوبارہ منتخب ہوجاتے ہیں تو پھر ملک میں دوبارہ کبھی انتخابات نہیں ہونگے ۔ کانگریس کے ’ ایکس ‘ ہینڈل پرپیش کردہ ایک ویڈیو میں ڈاکٹر پربھاکر کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ خود وزیر اعظم مودی لال قلعہ سے نفرت انگیز تقریر کریں گے اور سارے ملک میں لداخ اور منی پور جیسی صورتحال پیدا ہوجائے گی ۔ ویڈیو میں ڈاکٹر پربھاکر یہ بھی الزام عائد کر رہے ہیں کہ دستور اور ملک کا نقشہ ہی بدل جائے گا اگر مودی اور ان کی کابینہ دوبارہ برسر اقتدار آجاتی ہے ۔
بی جے پی قائدین کے ان بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں وہ دوسروں کو پاکستان چلے جانے کی ہدایت دیتے ہیں ڈاکٹر پربھاکر نے کہا کہ اس طرح کی نفرت انگیز تقاریر دہلی میں لال قلعہ سے بھی ہو نگی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی خود ہی لال قلعہ سے نفرت انگیز تقریر کرینگے اور یہ سب کچھ خاموشی سے یا دبے ہوئے انداز میں نہیں کیا جائیگا ۔ ڈاکٹر پربھاکر نے کہا کہ جس طرح منی پور میں نسلی تشدد پیدا ہوگیا تھا اور کوکی و مئیتی برادریوں میں تصادم ہوا ویسے ہی حالات سارے ملک میں عام ہوجائیں گے اگر مودی دوبارہ برسر اقتدار آتے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے یہ ویڈیو اپنے ایکس ہینڈل پر جاری کیا ہے ۔
No Comments: