قومی خبریں

خواتین

سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکےصدر منتخب

سینٹر کے نائب صدرکے عہدے کے لئے علی گڑھ کے سابق میئر فرقان احمد نے کامیابی حاصل کی

نئی دہلی: ہندوستانی مسلمانوں کے باوقار ادارہ ’انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر‘ (آئی آئی سی سی) کے انتخابات میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید صدر منتخب ہوئے ہیں۔ سینٹر میں صدر سمیت مختلف عہدوں کے لیے گزشتہ 11 اگست کو ووٹنگ ہوئی تھی اور پھر مسلسل 3 دن تک جاری رہنے والی رائے شماری میں سلمان خورشید نے 721 ووٹ حاصل کر کامیابی کا پرچم لہرایا۔ سابق صدر سراج الدین قریشی کے پینل کے امیدوار ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔قابل ذکر ہے کہ سراج الدین قریشی گزشتہ چار مدت کار سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے تھے۔ رواں سال عمر 75 سال عبور ہونے پر وہ اس انتخابات میں حصہ نہیں لے پائے تھے، تاہم انہوں نے ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی کو الیکشن میں بطور صدر امیدوار کھڑا کیا تھا، لیکن جب نتیجہ برآمد ہوا تو وہ سرفہرست تین امیدواروں میں بھی شامل نہ ہو پائے۔
سینٹر کے نائب صدر عہدہ کے لئے علی گڑھ کے سابق میئر فرقان احمد نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 362 ووٹ حاصل کیے اور بدرالدین خاں پر سبقت حاصل کی۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کے لئے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ابوذر حسنین، ایس ایم خاں، قمر احمد (سابق آئی پی ایس)، سکندر حیات خاں، خواجہ ایم شاہد، سراج قریشی (سابق صدر اسلامک کلچرل سنٹر) اور فرخ ناز شامل ہیں۔ مجلس عاملہ کے فاتح امیدواروں میں پروفیسر شمامہ احمد، شاہانہ بیگم، شاہد علی خاں اور ارمان احمد خاں شامل ہیں۔ سراج قریشی کے پینل کے علاوہ تیسرا پینل ابرار احمد کا، چوتھا پینل آصف حبیب کا اور پانچواں پینل سابق آئی اے ایس افسر افضل امان اللہ کا تھا۔
سلمان خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ سلمان خورشید کا اسلامک سینٹر کا صدر منتخب ہونا ہندوستانی مسلمانوں کے مفاد میں بہتر ثابت ہوگا۔ میں پُرامید ہوں کہ وہ سینٹر کے وقار کو ملک و بیرون ملک میں بلند کرنے کا کام کریں گے۔سلمان خورشید کی کامیابی پر ڈاکٹر سید احمد خان نے کہا کہ ’’ہم سلمان خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وہ تجربہ کار لیڈر ہیں اور مختلف حالات سے واقفیت رکھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سلمان خورشید کی صدارت میں مسلمانوں کی حقیقی تصویر پیش کی جائے، نیز برادران وطن کے ساتھ تال میل کیا جائے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *