علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نارتھ ہال ہاسٹل میں پیر کی رات دیر دو گروپوں کے درمیان زبردست فائرنگ ہوئی جس کی وجہ سے کیمپس میںبھگدڑ مچ گئی اورہاسٹل میں موجود اے ایم یو کے ہومیوپیتھک ڈاکٹر سمیت تین افراد کو گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر وسیم احمد، پروکٹوریل ٹیم اور سول لائن پولیس کےافسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے طلباء کی شناخت کے لیےجانچ شروع کردی ہے۔
طلباء سے ملی اطلاع کے مطابق پیر کی رات تقریباً 11 بجے کچھ طالب علم اے ایم یو کے وی ایم ہال کے باہر بیٹھے تھے۔ اسی دوران ایک گروپ کے کچھ طلباء منہ ڈھانپ کر وہاں پہنچ گئےاورتیزی سے فائرنگ شروع کر دی۔اس کے بعد فائرنگ کرنے والے طلباء نے دوسرے گروپ کے طلباء کو بلایا اور دوبارہ نارتھ ہال ہاسٹل میں آکر بات کرنے کو کہا۔ رات ایک بجے کے قریب طلباء نارتھ ہال پہنچے تو دونوں گروپوں میں پھر جھگڑا شروع ہوگیا جس میںفائرنگ بھی ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کئی راؤنڈ ہوئی جس سے چاروں طرف خوف و ہراس کا ماحول ہو گیا ۔
طلباء کے دونوں گروپوں کی فائرنگ میں اے ایم یو کے اے سی این کالج میں زیر تعلیم ڈاکٹر صادق علی بھی گولیوں کی زد میں آ گئے۔ ڈاکٹر صادق اصل میں مراد آباد کے رہنے والے ہیں اور اے ایم یو کے یونانی کالج میں زیر تعلیم ہیں۔ فائرنگ سے تھانہ قرسی کے علاقہ ڈھورا مافی کے رہائشی فیروز عالم اور پرانی چنگی کا رہائشی عبداللہ بھی زخمی ہوگئے۔طلباء پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی دیگر طلباء میڈیکل کالج کے باہر پہنچ گئے اورہنگامہ کرنے لگے۔ پراکٹر پروفیسر وسیم علی اور پراکٹریل ٹیم نے یقین دلایا کہ ملزم طلباء کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
No Comments: