بنگلورو : کرناٹک پولیس نے ایک ہندی نیوز چینل اور اس کے کنسلٹنگ ایڈیٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ اقلیتوں کیلئے ریاستی حکومت کی کمرشیل وہیکل سبسیڈی اسکیم کے تعلق سے غلط معلومات پھیلانے کے الزامات پر یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے آج بتایا کہ یہ مقدمہ تعزیرات ہند کی دفعات 505 اور 153A کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک مائیناریٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر شیوکمار نے سیشادی پورم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس کی بنا پر نیوز چینل اور اس کے کنسلٹنگ ایڈیٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ شکایت کنندہ نے ملزم کنسلٹنگ ایڈیٹر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کارپوریشن کی اسکیم کے تعلق سے جھوٹی خبر پھیلاتے ہوئے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے ۔
اس ایف آئی آر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج تک چینل کے کنسلٹنگ ایڈیٹر سدھیر چودھری نے کہا کہ وہ عدالت میں اس کے خلاف لڑیں گے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پوسٹ میں کہا کہ کرناٹک کی کانگریس حکومت کی جانب سے میرے خلاف ایف آئی آر کے تعلق سے اطلاع ملی ہے ۔ میرے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ میری گرفتاری کی پوری تیاری کرلی گئی ہے ۔ میرا سوال یہ رہا کہ کیوں ہندو کمیٹی کو خود مکتفی بنانے والی سارتھی اسکیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق /11 ستمبر کو ایک نیوز پروگرام میں کنسلٹنگ ایڈیٹر نے دعویٰ کیا کہ حکومت کرناٹک ایسی اسکیم فراہم کررہی ہے جو صرف اقلیتوں کو فائدہ پہنچاتی ہے اور غیراقلیتی ہندوؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے ۔ یہ ریاست کے اقلیتوں کی خوشامد کرنے والا اقدام ہے ۔
No Comments: