نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی میں مسلسل بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کے بعد جمعہ کو کچھ علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ دہلی ٹریفک پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ پانی بھر جانے کی وجہ سے دھولا کواں سے مہیپال پور جانے والے این ایچ۔48 پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ‘سینک فارم اور ساکیت میٹرو اسٹیشن کے قریب پانی بھر جانے کی وجہ سے ایم بی روڈ کے دونوں جانب ٹریفک متاثر ہے۔ اس کے ساتھ ہی مدن پور کھدر لال بٹی کے قریب پانی بھر جانے کی وجہ سے آشرم سے بدر پور جانے والے کیریج وے پر ٹریفک متاثر ہو اہے۔
پی ڈبلیو ڈی کے مطابق، انہیں پانی بھرنے سے متعلق 85 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ منڈکا میں پانی جمع ہے اور اسے دور کرنے کا کام ہوا۔ تمام انڈر پاسز اور سب ویز ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق پی ڈبلیو ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی کو درختوں کے گرنے سے متعلق 13 شکایات موصول ہوئی ہیں۔دہلی پولیس نے بارش کی وجہ سے جام کی صورتحال کے حوالے سے لوگوں کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ، جس میں کہا گیا کہ منڈکا میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹیکری بارڈر سے پیر گڑھی تک اور اس کے برعکس روہتک روڈ تک دونوں کیریج ویز پر ٹریفک جام ہے۔
ایم سی ڈی کے مطابق مسلسل بارش کے بعد انہیں پانی بھر جانے کی 29 اور درختوں کے کٹنے کی 15 شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ مسافروں نے بتایا کہ دہلی گڑگاؤں روڈ پر مہیپال پور، بہرہ انکلیو، پسم وہار، پٹیل نگر چوراہا، سنگم وہار سے بدر پور، اروبندو مارگ، نجف گڑھ پھرنی روڈ، ایم جی روڈ وغیرہ پر بھاری ٹریفک تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو بھاری ٹریفک کا سامنا کرنا پڑا۔
No Comments: