کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ہفتہ کے دن اچانک اُس مقام پر پہنچ گئیں جہاں جونیر ڈاکٹرس احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے انہیں تیقن دیا کہ وہ ان کے مطالبات کا جائزہ لیں گی اور اگر کوئی خاطی پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سواستھ بھون‘ سالٹ لیک کے باہر احتجاجی ڈاکٹروں سے خطاب میں جو وی وانٹ جسٹس کے نعرے لگارہے تھے‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی راتوں کی نیند اُڑگئی ہے کیونکہ ڈاکٹرس بارش میں سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تم سے تمہاری دیدی کی حیثیت سے ملنے آئی ہوں‘ چیف منسٹر کی حیثیت سے نہیں۔
میں تیقن دیتی ہوں کہ تمہارے مطالبات کا جائزہ لوں گی اور اگر کوئی خاطی پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کروں گی۔ انہوں نے احتجاجی ڈاکٹروں سے ڈیوٹی پر لوٹ جانے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام سرکاری دواخانوں میں پیشنٹ ویلفیر کمیٹیاں فوری تحلیل کردی جائیں گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بحران کی یکسوئی کی میری آخری کوشش ہے۔
چیف منسٹر کے جانے کے بعد احتجاجی ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ اپنے مطالبات پر بات چیت ہونے تک کسی بھی سمجھوتہ کے لئے تیار نہیں۔ جونیر ڈاکٹرس منگل سے سواستھ بھون کے باہر پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں جو کولکتہ میں ریاستی محکمہ صحت کا ہیڈکوارٹرس ہے۔
No Comments: