Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

دھننی پور مسجد منصوبہ: پانچ ایکڑ زمین ناکافی

انڈو اسلامک کلچرل فائونڈیشن کا 15 ایکڑ اضافی اراضی کے حصول کا فیصلہ

لکھنؤ13 ستمبر (میرا وطن نیوز): ایودھیا کے نواحی گاؤں دھننی پور میں مسجد، اسپتال اور ثقافتی مرکز کے مجوزہ منصوبے کے لیے مختص پانچ ایکڑ اراضی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے کم از کم مزید 15 ایکڑ زمین کے حصول کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اراضی سپریم کورٹ کے 2019 کے تاریخی فیصلے کے تحت سنی وقف بورڈ کو فراہم کی گئی تھی، جس کے بعد انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کی تشکیل عمل میں آئی تاکہ دھننی پور میں نئی مسجد اور اس سے منسلک منصوبوں کی تعمیر کی جا سکے۔ٹرسٹ کے رکن زُفراحمد فاروقی کے مطابق، اضافی زمین کا حصول 2027 کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور نئی و پرانی دونوں جگہوں پر تعمیرات ایک ساتھ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ایسی جگہ چاہیے جہاں مسجد صرف علامتی نہ ہو بلکہ عوامی ضروریات پوری کرے۔ روناہی میں ایک مسجد پہلے ہی قائم ہے مگر وہاں حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہمارا مقصد ایک فعال اور مفید مرکز قائم کرنا ہے۔‘‘ انڈو اسلامک کلچرل فائونڈیشن کے ترجمان اطہر حسین کا کہنا ہے کہ فی الحال ترجیح مسجد سے منسلک طبی سہولت کی تعمیر ہے، تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ یہاں ایک ایسا مرکز قائم ہو جو نہ صرف عبادت کی جگہ ہو بلکہ تاریخ و ثقافت کا مظہر بھی بنے۔ مولوی احمد اللہ شاہ کی 1857 کی تحریکِ آزادی میں خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک چھوٹا میوزیم یا آرکائیو بھی منصوبے میں شامل ہے۔‘‘
ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ منصوبے کی حتمی تفصیلات زمین کے حصول کے بعد عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *