قومی خبریں

خواتین

نیٹ پیپر لیک کے خلاف لکھنئو میں کانگریس کااحتجاجی مظاہرہ

پارٹی کے ریاستی صدر اجے رائے سمیت تقریباً 100 لوگوں کو حراست میں لیا گیا

لکھنئو:اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کی قیادت میں کانگریس نے راجدھانی لکھنؤ میں یو جی سی نیٹ اور نیٹ یوجی امتحانات میں مبینہ پیپر لیک کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے دوران اسمبلی کا گھیراؤ کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔ مظاہرین نے سڑکوں پر لگائی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کوشش کی جس کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے سمیت تقریباً 100 لوگوں کو لکھنؤ پولیس نے حراست میں لے لیا۔اس احتجاج کے بارے میں یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’ہر زور ظلم کے ٹکر میں، سنگھرش ہمارا نعرہ ہے۔ نیٹ اور یو جی سی-نیٹ پیپر لیک کے خلاف احتجاج میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ، اترپردیش کانگریس کمیٹی نے آج لکھنؤ میں زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا اور گرفتاری دی۔ بی جے پی حکومت میں آئے دن ہو رہے پیپر لیک نے پورے تعلیمی نظام کو زمیں بوس کر دیا ہے۔ ہندوستان کے 33 لاکھ طلباء کے مستقبل کی حفاظت کے لیے ہم کانگریسی میدان میںہیں۔
لکھنؤ میں ریاستی صدر اجے رائے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لکھنؤ شہر صدر راگھویندر چوبے نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی پولیس نے آج لکھنؤ میں نیٹ امتحان میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے ریاستی صدر اجے رائے کو گرفتار کر لیا ہے۔ اجے رائے کی گرفتاری یوگی حکومت کی بزدلی کو ظاہر کرتی ہے۔ تاناشاہ حکومت سن لے کہ کانگریس پارٹی نوجوانوں کو ہر قیمت پر انصاف دلا کر رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فروری میں پولیس ریکروٹمنٹ اور ریویو آفیسر امتحان کا پیپر لیک ہونے کے بعد اب نیٹ امتحان کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ اب یو جی سی-نیٹ کا امتحان بھی لیک ہونے کے بعد منسوخ ہو گیا ہے۔ بی جے پی حکومت میں پیپر مافیا ایک کے بعد ایک امتحانی پرچے لیک کر کے طلبہ کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *