گوہاٹی: انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ جمعرات 18 جنوری 2024کو شمال مشرقی ریاست منی پور اور ناگالینڈ کے بعد آسام میں داخل ہو گئی۔ دریں اثنا، راہل گاندھی نے ریاست کی وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا سرما کی قیادت والی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ بولتے ہوئے اسے ملک کی سب سے بدعنوان حکومت قرار دیا۔بھارت جوڑو یاترا کے آسام میں داخل ہونے پر سب سے پہلے ضلع شیو ساگر میں پرچم سونپنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے بعد راہل گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’بی جے پی-آر ایس ایس ملک اور ہر ریاست میں ناانصافی کر رہے ہیں، خواہ وہ سیاسی، سماجی یا معاشی ناانصافی ہو۔ منی پور کو خانہ جنگی کی صورتحال کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ابھی تک اس علاقے کا دورہ نہیں کیا ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہاکہ وزیر اعظم نے ناگالینڈ میں اہم وعدے کیے تھے۔ نو سال پہلے انہوں نے فریم ورک کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ آج، ناگالینڈ میں بہت سے لوگ تجسس میں ہیں کہ اس نظام کا کیا ہوا؟ آسام کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ آسام میں ہندوستان کی سب سے بدعنوان حکومت ہے۔ ناگالینڈ میں لوگوں نے ہمارا والہانہ استقبال کیا اور میں آسام میں بھی اسی کی توقع کر رہا ہوں۔اس موقع پر آسام کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے کہا، ’’اس یاترا اور راہل گاندھی کی موجودگی نے ریاست کے لوگوں کو ایک نئی امید دی ہے۔ اپنی پریشانیوں کی وجہ سے آسام کے لوگ یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ راہل گاندھی کب اس علاقے کا دورہ کریں گے۔ ہماری پارٹی ہندوستانی آئین کی حمایت کرتی ہے۔ آسام میں بھارت جوڈو نیائے یاترا‘ آٹھ دنوں میں ریاست کے 17 اضلاع سے گزرے گی۔ راہل گاندھی نے منی پور سے یاترا شروع کی جو ناگالینڈہوتے ہوئے آسام پہونچی ۔
No Comments: