نئی دہلی :دہلی کے تمام اسکول آج یعنی پیر سے مکمل طور پر کھل گئےجبکہ اتر پردیش میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیاں 17 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔دہلی کی وزیر تعلیم آتشی کی ہدایات کے مطابق نرسری، کے جی اور دیگر پرائمری کلاسوں کے بچوں کو بھی اسکول جانا ہوگا۔ تاہم موسم کو دیکھتے ہوئے بچوں اور ان کے اہل خانہ کو کچھ ریلیف بھی دیا گیا ہے۔ اتوار کو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ کوئی بھی اسکول صبح 9 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگا اور ڈبل شفٹ اسکولوں میں شام 5 بجے کے بعد کوئی کلاس نہیں ہوگی۔ اگلے احکامات تک ا سکولوں کو اس ٹائمنگ کے ساتھ چلنا ہو گا۔ تاہم تعلیمی کارکنوں کو اپنے وقت کے مطابق حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دارالحکومت دہلی میں صبح 6 بجے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ ویسے اس سے ایک روز قبل اتوار کو یہ اس موسم کی سرد ترین صبح تھی اور پارہ 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔آئی ایم ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ سردی کی لہر 15 جنوری کو پورا دن رہے گی، جب کہ 16 جنوری تک شدید سردی کے درمیان دھند کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
No Comments: