قومی خبریں

خواتین

بدلاپور آبروریزی معاملے میں ملزم اکشے شندے پولیس حراست میں مارا گیا

ملزم نے پولیس پر گولی چلانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد جوابی کارروائی میں اسے گولی لگ گئی

بدلاپور: بدلاپورآبروریزی معاملے میں ملزم اکشے شندے پولیس حراست میں مارا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے پولیس پر گولی چلانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد جوابی کارروائی میں اسے گولی لگ گئی۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔ زخمی حالت میں ملزم کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔
دراصل ملزم اکشے شندے کو پولیس تلوجا جیل سے جنسی ہراسانی کے معاملے میں ریمانڈ پر لے کر بدلا پور جا رہی تھی۔ جب گاڑی ممبرا بائی پاس کے قریب پہنچی تو ملزم اکشے شندے نے ایک پولیس اہلکار کی ریوالور چھین لی اور دو تین راؤنڈ فائرنگ کی۔ اس میں ایک پولیس زخمی ہو گیا، اسی دوران پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک گولی ملزم کو لگ گئی اور وہ زخمی ہو گیا۔ زخمی ملزم کو کلوا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔بدلاپور آبروریزی کے ملزم اکشے شندے کی موت پر مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کی سابق اہلیہ نے جنسی ہراسانی کا معاملہ درج کرایا تھا، اس وجہ سے اسے جانچ کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ راستے میں پولیس اہلکار پر گولی چلانے کے سبب ملزم پر جوابی کارروائی کی گئی جس میں اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کے بعد تفصیلی جانکاری سامنے آئے گی۔ نائب وزیراعلیٰ دیوندر فڑنویس نے بھی وزیراعلیٰ کی ہی بات دہرائی اور اپوزیشن سے اس معاملے کو طول نہیں دینے کو کہا۔
وہیں اپوزیشن رہنماؤں نے ملزم اکشے شندے کی پولیس کے ساتھ جھڑپ میں ہوئی موت پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان نے الزام لگایا ہے کہ کچھ دیگر لوگوں کو بچانے کے لیے اس واقعہ کو انجام دیا گیا۔ مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن رہنما وجئے وڈٹیوار نے ملزم کی موت کو چونکانے والا بتایا ہے جبکہ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ یہ تصادم اسکول کے ٹرسٹیوں کو بچانے کے لیے کرایا گیا تھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *