نئ دہلی :دہلی کی عام آدمی پارٹی کی وزیر خزانہ آتشی نے دہلی اسمبلی میں آج اپنی حکومت کا دسواں بجٹ پیش کیا۔ 76 ہزار کروڑ روپئے کے پیش کیے گئے اس بجٹ میں انہوں نے کئی اہم اعلانات کیے۔ واضح رہے کہ اس سال کا بجٹ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2800 کروڑ روپئے کم ہے۔ گزشتہ سال یہ بجٹ 78800 کروڑ روپئے کا تھا۔اسملی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے دہلی حکومت کی وزیر خزانہ آتشی نے اپنی حکومت کو ’رام راجیہ‘ کے خواب کو پورا کرنے والا بتایا اور کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے ہم دن رات رام راجیہ کا خواب پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دہلی کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ دہلی میں رام راجیہ قائم کرنے کے لیے بہت کچھ کیا جانا باقی ہے لیکن گزشتہ 9 سالوں میں بہت کیا جا چکا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ دہلی کی آبادی ملک کی کل آبادی کا صرف 1.55 فیصد ہے، مگر ملک کی جی ڈی پی میں دہلی کی شراکت دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔ 24-2023 میں ملک کی اوسط جی ڈی میں دہلی کی حصہ داری 3.89 فیصدی ہونے جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جب ہم 2013 میں سیاست میں آئے تھے تو لوگوں کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ چکا تھا۔ اس وقت لیڈران اور حکومتیں آتی جاتی رہتی تھیں لیکن لوگوں کی زندگیوں میں کوئی بہتری نہیں آتی تھی۔ گھر چلانے والی خواتین کے پیسے مہینے کی 25 تاریخ تک ہی ختم ہو جاتے تھے۔ انہیں گزر بسر کے لیے اپنے زیورات گروی رکھنے پڑتے تھے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا ووٹنگ سے اعتماد اٹھ گیا تھا۔ لیکن اروند کیجریوال امید کی کرن بن کر آئے اور ایمانداری اور سچائی کا بھروسہ دے کر بھاری اکثریت سے حکومت بنائی۔
وزیر خزانہ نے بجٹ میں ’وزیر اعلیٰ مہیلا سمّان اسکیم‘ پیش کیا جس کے تحت 18 سال سے زائد عمر کی خواتین کو ہر ماہ 1000 روپئے ملیں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے 25-2024 کے بجٹ میں ’وزیر اعلیٰ مہیلا سمان اسکیم‘ کے تحت 2000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 15-2014 میں دہلی کا تعلیمی بجٹ 6554 کروڑ روپے تھا۔ لیکن اب اس میں اضافہ کر تے ہوئے اسے دوگنا کر دیا گیا ہے۔ پیش کردہ بجٹ میں 25-2024 کے لیے دہلی کا تعلیمی بجٹ 16,396 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے۔تعلیمی بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں تقریباً 400 پرنسپلس کو تربیت کے لیے کیمبرج بھیجا گیا ہے۔ 950 سے زائد اساتذہ کو تربیت کے لیے سنگاپور بھیجا گیا ہے۔ 1700 پرنسپلس کو تربیت کے لیے آئی آئی ایم احمد آباد بھیجا گیا ہے۔ کیجریوال حکومت نے 2015 کے بعد سے دہلی کے اسکولوں میں 22711 نئے کلاس روم بنائے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کی شبیہ تبدیل ہو گئی ہے۔ ہماری حکومت نے 9 سالوں میں دارالحکومت کے ہر طبقے کی ترقی کی ہے۔ غریب لوگوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ اب ایک غریب گھرانے کا بچہ سرکاری اسکول میں پڑھ سکتا ہے۔ آج غریب گھرانوں کے بچے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اب غریب کا بچہ غریب نہیں رہے گا۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دہلی میں تعلیمی انقلاب لانے میں اگر کسی شخص نے سب سے اہم کردار ادا کیا ہے تو وہ میرے بڑے بھائی منیش سسودیا ہیں۔
No Comments: