نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے کانکیر ضلع میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان شدید تصادم کی خبر ہے۔ واقعہ کے حوالے سے موصولہ اطلاع کے مطابق اس واقعہ میں 29 نکسلائیٹ مارے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مقابلے میں بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے پورے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ تصادم میں تین فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے کانکیر کے چھوٹابیٹیہ تھانہ علاقہ کے تحت بناگنڈہ اور کورونار کے درمیان ہاپاتولا جنگل میں پیش آیا۔
اے ڈی جی نکسل آپریشنز وویکانند سنہا نے کہا کہ انکاؤنٹر میں کئی نکسلائیٹ مارے گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زخمی فوجیوں کی حالت نارمل اور خطرے سے باہر ہے۔ زخمی فوجیوں کے بہتر علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ واقعہ دوپہر دو بجے کا بتایا جاتا ہے۔حالیہ دنوں میں چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں چل رہی ہیں۔ حال ہی میں بستر کے علاقے میں، ایک خاتون نکسلائٹ سمیت دو انعام یافتہ نکسلیوں نے سیکورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے اور سیکورٹی فورسز نے دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا تھا۔
No Comments: