تل ابیب : اسرائیلی آباد کاروں نے القدس کے قدیم ترین مسلم قبرستان میں ایک گدھے کا سر لٹکادیا۔ اس سے سوشل میڈیا پر غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ شرپسندوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ایک مردہ گدھے کے سر کا ویڈیو کلپ وائرل کردیا۔ اس گدھے کے سر کو الاقصیٰ کی مشرقی دیوار سے چند میٹر دور باب الرحمہ قبرستان میں قبروں کے درمیان ایک چھڑی پر رکھا گیا تھا۔ میڈیا کے مطابق القدس گورنریٹ نے ایک آبادکار نے باب الرحمہ قبرستان پر دھاوا بول دیا اور ایک قبر پر گدھے کا سر لٹکادیا۔ دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے اس واقعہ پر کہاکہ القدس کی اولڈ میونسپلٹی سے جنوبی اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ایک 35 سالہ مشتبہ شخص کو قبرستان میں گدھے کا سر لٹکانے کے شبہ میں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کہاکہ اس مشتبہ شخص کو جانوروں کے ساتھ بدسلوکی اور امن عامہ کی خلاف ورزی کے شبہ میں ڈیوڈ ڈسٹرکٹ میں تحقیقات کے لئے بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں اسرائیلی آباد کاروں نے باب الرحمہ قبرستان پر کئی مرتبہ حملے کئے۔ ان برسوں میں خاص طور پر حالیہ حکومت کے قیام کے بعد سے القدس میں آبادکاروں کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ 7 اکٹوبر کو غزہ میں شروع ہوئی جنگ کے دوران مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسیز اور یہودی آباد کاروں نے 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
No Comments: