
نئی دہلی،27 جنوری(میرا وطن)
جشن یوم جمہوریہ تمام دیش واسیوں کو مبارک ہو. یہ وطن عزیز کے عظیم آئین کے تحفظ، دیرینہ اخوت و بھائی چارہ کی بقا، امن وسلامتی کے قیام اور ملک و ملت اور انسانیت کی تعمیر و ترقی کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔ آئین کی پاسداری اور ملک کی تعمیر ورقی کے لیے جدوجہدتمام دیش واسیوں کا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔
وہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اعلی تعلیمی و تحقیقی ادارہ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلا میہ واقع اہل حدیث کمپلیکس، جامعہ نگر ،نئی دہلی میں منعقد باوقار تقریب یوم جمہوریہ کی مناسبت سے حاضرین کو آن لائن خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کی مناسبت سے جو ہم جشن منا رہے ہیں اور ہم نے جس جوش و جذبہ اور عزم کے ساتھ ترنگا پرچم لہرایا ہے اور قانون کی پاسداری کرنے، دیش کی تعمیر و ترقی کے لیے تن من دھن کی بازی لگا دینے، قومی یکجہتی اور آپسی محبت وبھائی چارہ کو عام کرنے اور امن وشانتی کو بہرصورت برقرار رکھنے کا جو عزم کیا ہے اور جس طرح ہمارے بزرگوں نے بلا تفریق مذہب و مسلک مل جل کر دیش کی آزادی اور تعمیر و ترقی کے لیے بے مثال قربانیاں دی تھیں اور جس طرح سر جوڑ کا عظیم آئین بنایا تھا، اسی طرح اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اسی عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں،آئین کے تقاضو ں کو پورا کریں، ملک کی ایکتا اور اکھنڈتا پر حرف نہ آنے دیں، ملک میں تشدد اور منافرت کو راہ پانے نہ دیں، امن و شانتی اور روایتی اخوت و بھائی چارہ اور گنگا جمنی تہذیب و ثقافت کو فروغ دیں۔ یہ وقت کا بڑا تقاضا ہے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی مسرت اور سعادت کی بات ہے کہ آج ہم 77واں یوم جمہوریہ منا رہے ہیں۔ جس کا ہمیں حق بھی ہے۔ کیونکہ یہ دن ہمیں بڑی جانی و مالی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔ ہمارے بزرگوں خصوصا علماءاہل حدیث نے دیش کی آزادی اور تعمیر و ترقی کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔
No Comments: