
نئی دہلی، 15 جنوری(میرا وطن)
دہلی میونسپل کارپوریشن ایجوکیشن کمیٹی کی اہم میٹنگ بدھ کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت ایڈووکیٹ یو گیش ورما چیئرمین کمیٹی نے کی۔ میٹنگ میں تمام کمیٹی ممبران، ایڈیشنل کمشنر مسٹر پنکج اگروال، ڈائرکٹر آف ایجوکیشن مسٹر نکھل تیواری اور محکمہ تعلیم کے سینئر افسران موجود تھے۔
میٹنگ میں ایم سی ڈی کے اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف اختراعی اسکیمو ں اور اصلاحی اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے پانچویں جماعت کے ہونہار طلباء کی سالانہ فہرست مرتب کرنے کا فیصلہ کیا جو تعلیمی، کھیل، موسیقی یا کسی اور شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھا رنے کے لیے نجی اور دہلی کے سرکاری اسکولوں میں بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پہلی بار ایم سی ڈی کے اسکولوں نے کتاب میلے میں حصہ لیا۔ اس موقع پر 15 جنوری کو متعلقہ ہال کا افتتاح کیا جائے گا، جس میں تمام اساتذہ کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ اسکولوں کے تیار کردہ سیکھنے کے مواد کو وسیع پیمانے پر شیئر کیا جا سکے۔’اسکول چلو ابھیان‘کی پیش رفت رپورٹ پر بحث کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 8 سے 15 جنوری تک کیے گئے ایک سروے میں 3,008 بچوں کی نشاندہی کی گئی جو ابھی تک اسکول میں داخل نہیں ہیں۔ یہ سروے ایم سی ڈی اسکول کے اساتذہ نے کیا تھا۔ کمیٹی نے ان بچوں کو سکولوں سے جوڑنے کے لیے 15 سے 31 جنوری تک خصوصی انرولمنٹ مہم چلانے کا فیصلہ کیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے دھارے میں لایا جا سکے۔
اس کے علاوہ، میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر اسکول اس ڈسپنسری کے بارے میں معلومات کو عوا می طور پر ظاہر کرے گا جس سے اس کا الحاق ہے، تاکہ والدین اپنے بچوں کا مفت ہیلتھ چیک اپ اور باقاعدہ چیک اپ کروا سکیں۔ مزید برآں، متعلقہ ڈسپنسریاں سکولوں میں بچوں کی باقاعدگی سے صحت کی جانچ کو یقینی بنائیں گی، اور فہرست کو عام کیا جائے گا۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں پڑھنے والے طلباءکے لیے دستیاب حادثاتی بیمہ کی سہولت سے متعلق معلومات بھی اسکولوں میں آویزاں کی جائیں گی، تاکہ ضرو رت پڑنے پر مستفیدین اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔
محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی معلومات لازمی طور پرای ایچ آر ایم ایس پورٹل پر اپ لوڈ کریں، تاکہ اساتذہ اور ملازمین کا سروس ریکارڈ اور ذاتی تفصیلات ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہوں اور انہیں چھوٹے انتظامی کاموں کے لیے غیر ضروری پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ کے آخر میں افسروں کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ پروبیشن اور ایم اے سی پی سے متعلق زیر التواءفائلوں کو جلد نمٹائیں، تاکہ ملازمین کو ان کے حقوق اور مراعات بروقت مل سکیں۔
No Comments: