قومی خبریں

خواتین

راہل گاندھی نے دہلی میٹرو میں کیا سفر

مسافروں سے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور تصویریں کھنچوائیں

نئی دہلی: راہل گاندھی کے لیے آج دہلی میں مصروفیت بھرا دن رہا۔ دہلی کی سبھی 7 لوک سبھا سیٹوں پر 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور آج شام انتخابی تشہیر کا عمل ختم بھی ہو گیا۔ اس سے قبل راہل گاندھی نے دہلی میں نہ صرف جلسۂ عام سے خطاب کیا بلکہ خواتین کی ایک تقریب میں شرکت بھی کی اور دہلی میٹرو میں سفر بھی کیا۔ دہلی میٹرو میں سفر کرتے ہوئے انھوں نے مسافروں سے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں جو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں۔منگول پوری علاقہ واقع ’ٹاؤن ہال‘ میں منعقد خواتین کی تقریب ’مہیلا وِچار وِمرش‘ میں راہل گاندھی نے کئی خواتین سے بات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس دوران انھوں نے کانگریس پارٹی کے ’نیائے سنکلپ پتر‘ (انتخابی منشور) میں موجود ’مہیلا نیائے‘ کے تحت آنے والی 5 گارنٹیوں اور ’مہالکشمی منصوبہ‘ پر تفصیل سے روشنی بھی ڈالی۔ اس دوران خواتین میں راہل گاندھی کے تئیں بے پناہ محبت و احترام کا جذبہ دکھائی دیا۔ کچھ خواتین تو راہل گاندھی کو اپنی تکلیف بتاتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئیں۔
خواتین کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آج پسماندہ، قبائل، دلت، اقلیتوں کی بات تو ہر جگہ ہوتی ہے، لیکن خواتین کی بات کوئی نہیں کرتا۔ میں یہاں آپ کی بات، آپ کے ساتھ، آپ کے بارے میں بات کرنے آیا ہوں۔ یہ دور ایسا ہے جب خواتین اور مرد دونوں کھیت، مزدوری، کمپنی، کال سنٹر اور دیگر شعبوں میں کام کرتے ہیں۔ بڑے شہروں میں کمپنی میں خواتین اور مرد کو پیسے کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی، لیکن دونوں کام کر کے جب شام کو گھر آتے ہیں تب خواتین کی دوسری شفٹ شروع ہو جاتی ہے۔ کھانا بنانا، بچوں کی دیکھ بھال کرنا خواتین کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے۔ خواتین فیملی کے مستقبل کے بارے میں سوچتی ہیں اور پیسے بچاتی ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *