غزہ سٹی : غزہ میں 31 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 252 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 22 ہوگئی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4104 بچے اور 2641 خواتین بھی شامل ہیں۔اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 25 ہزار 408 فلسطینی زخمی ہوئے۔وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 192 طبی ورکرز شہید جبکہ 32 ایمبولینسیں تباہ ہوچکی ہیں۔
دریں اثناء اردن کی فضائیہ نے اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ کے زیر محاصرہ ہاسپٹلوں میں طبی ضرورتوں سے متعلق سامان ‘ ڈراپ ‘ کیا ہے۔ اس طبی سامان میں ادویات اور طبی آلات وغیرہ شامل تھے۔اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے یہ بات پیر کے روز صبح سویرے کہی ہے۔ شاہ عبداللہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بتایا ہے ‘ ہماری بے خوف فضائیہ نے نصف شب کو فوری طبی امداد ڈراپ کی ، یہ طبی ضرورتوں کا سامان غزہ میں اردن کے ڈاکٹروں کے قائم کردہ فیلڈ ہاسپٹل میں ‘ڈراپ’ کیا گیا ہے۔شاہ نے مزید کہا ‘یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے زخمی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں۔ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیشہ موجود رہیں گے۔
’واضح رہے اردن کے جنگی طیاروں کو طبی امداد فراہم کرنے والی ایمبولینسز کا انداز دینے کا فیصلہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی طرف سے ‘میڈیکل ایڈ ڈراپنگ’ کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔بلنکن نے دو روز قبل اردن کا اہم سفارتی دورہ کیا اور یہاں عمان میں اردن کے علاوہ مصر ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ اردن کے بعد بلنکن نے مغربی کنارے کا دورہ کیا اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی ملے۔
No Comments: