دہلی کے کئی علاقوں میں ایک بار پھر آبی بحران کا مسئلہ پیدا ہونے والا ہے۔ جمنا میں آلودگی کی وجہ سے وزیر آباد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پیداوار متاثر ہونے کی وجہ سے 30 سے زیادہ علاقوں میں پانی کی سپلائی میں دقت ہو سکتی ہے۔ دہلی جل بورڈ نے کہا ہے کہ جب تک امونیا کی بڑھی ہوئی سطح کم نہیں ہو جاتی، تب تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دہلی جل بورڈ کی طرف سے ہفتہ کو جانکاری دی گئی کہ وزیر آباد پانڈ پر جمنا میں امونیا کی سطح 5 پی پی ایم سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس وجہ سے وزیر آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پیداوار میں 25 سے 50 فیصد تک کی کمی آ گئی ہے۔ اس لیے جب تک حالات میں بہتری نہیں ہوتی، تب تک پانی کم دباؤ پر دستیاب ہوگا۔
بتایا جا رہا ہے کہ کچھ علاقوں میں جمعہ کی رات سے ہی دقت شروع ہو گئی تھی۔ وزیر آباد پلانٹ سے دہلی کے بڑے علاقے میں پانی کی سپلائی کی جاتی ہے۔ یہاں ہر دن 131 ملین گیلن پانی کو صاف کیا جاتا ہے لیکن امونیا بڑھنے سے یہاں 98 اعشاریہ 25 ایم جی ڈی پیداوار ہو پا رہی ہے۔ شمالی دہلی کے کئی علاقوں میں لوگ پانی کم یا نہ آنے کی شکایتیں کر رہے ہیں۔ اب واٹر بورڈ نے صاف کر دیا ہے کہ جمنا میں امونیا کی سطح کم ہونے تک انہیں عدم سہولت ہو سکتی ہے۔
اس دوران جن علاقوں میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ان میں مجنوں کا ٹیلہ، آئی ایس بی ٹی، جی پی او، این ڈی ایم سی ایریا، آئی ٹی او، ہنس بھون، ایل این جے پی ہاسپیٹل، ڈیفنس کالونی، سی جی او کمپلیکس، راج گھاٹ، ڈبلیو ایچ او، آئی پی ایمرجنسی، رام لیلا میدان، دہلی گیٹ، سبھاش پارک، گلابی باغ، تمار پور، ایس ایف ایس فلیٹس، پنجابی باغ، آزاد پور، شالیمار باغ، وزیر پور، لارینس روڈ، ماڈل ٹاؤن، جہانگیر پوری مول چند، ساؤتھ ایکسٹینشن، گریٹر کیلاش، بُراڑی اور آس پاس کے علاقے، کینٹونمنٹ بورڈ کے کچھ علاقے، جنوبی دہلی اور دیگر ایسے علاقے جو وزیر آباد ڈبلیو ٹی پی سے جڑے ہیں۔
اگر آپ کے علاقے میں بھی پانی کی قلت ہے تو دہلی جل بورڈ سے ٹینکر منگوا سکتے ہیں۔ 1916 پر کال کرکے ٹینکر کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔
No Comments: