نئی دہلی : ہریانہ کی حصار لوک سبھا سیٹ سے ممبر آف پارلیمنٹ برجیندر سنگھ چودھری نے بی جے پی سے استعفیٰ دے کر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ وہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر پہنچ کر کانگریس میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر کانگریس کے کئی اہم لیڈران موجود تھے۔ ان کے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کو بی جے پی کے لیے ایک بڑا جھٹکا بتایا جا رہا ہے۔اس سے قبل بریجندر سنگھ چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کرتےہوئے اپنے استعفیٰ کے بارے میں معلومات دی تھی۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’میں نے سیاسی وجوہات کی وجہ سے بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں پارٹی، قومی صدر جے پی نڈا، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے حصار سے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر خدمت کرنے کا موقع دیا۔
ان کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد ہوا جس میں انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا گیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی سے ان کے مستعفی ہونے کے بارے میں کئی دنوں سے باتیں ہو رہی تھی اور بالآخر انہوں نے اتوار (10 مارچ) کو پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ بریجندر سنگھ سابق مرکزی وزیر چودھری برین سنگھ کے صاحبزادے ہیں۔ 2019 میں انہوں نے جے جے پی کے دشینت چوٹالہ کو شکست دی تھی۔برجیندر سنگھ آئی اے ایس افسر رہ چکے ہیں۔ ان کے والد بریندر سنگھ 2022 تک راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ بریندر سنگھ پانچ بار 1997، 1982، 1994، 1996 اور 2005 میں اچانا حلقۂ اسمبلی سے منتخب ہوچکے ہیں اور تین بار ریاستی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ وہ 1984 میں حصار لوک سبھا حلقے سے اوم پرکاش چوٹالہ کو شکست دے کر ممبر پارلیمنٹ بنے تھے۔
No Comments: