
شعبہ فارسی،جامعہ میں بعنوان فارسی داستان نویسی توسیعی خطبہ کا انعقاد
نئی دہلی، 25فروری(میرا وطن)
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ فارسی کے ایرانولوجی ہال میں بدھ کوفارسی داستان نویسی کے عنوان سے تو سیعی خطبہ کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت پروفیسر سید کلیم اصغر نے کی جبکہ ڈاکٹر قہرمان سلیمانی ڈائرکٹر مجلس تحقیقات ایران کلچر ہاوس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ آج کے اس خطبہ کے مقررین ایران سے تشریف لائے مشہور ناول نگارمجید قیصری، سید احمد بطحایی اور خانم میترا بیات تھے۔
اس موقع پر مجید قیصری نے داستان نویسی اور اس کی افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مشرق و مغرب کی داستان نویسی کے امتیازات پر بھی روشنی ڈالی۔ سید احمد بطحایی نے کہا ہمارے معاشرہ کا ہرفرد ایک داستان رکھتا ہے مگر کچھ لوگ اس کو قلم بند کرکے زندہ جاوید بنادیتے ہیں جس سے دوسرے لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ خانم میترا بیات نے اپنی زندگی کے تجربات و مشاہدات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت فطری طور پر داستان گو ہوتی ہے وہ ہرروز اپنے بچوں کو داستانیں سناتی ہے جس سے وہ استفادہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر قہرمان سلیمانی نے ایران میںداستان خوانی پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر سید کلیم اصغر نے اپنے صدارتی کلمات کے ساتھ مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیااور کہا یہ ہماری اور ہمارے طلبہ کی خوش نصیبی ہے کہ ایران کے مشہور داستان گو اور ڈرامہ نویس آج ہمارے درمیان موجود ہیں اور ہم براہ راست ان سے استفادہ کررہے ہیں۔ مہمانوں کا پھولوں سے استقبال کیا گیا۔جلسہ کا آغاز ڈاکٹر یاسر عباس نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر زہرا خانم نے انجا م دیئے۔ پروگرام میں اساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں طلباو طالبات نے شرکت کی۔
No Comments: