
نئی دہلی، 13 فروری (میرا وطن)
عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی میں بی جے پی سرکار کے ذریعہ پیش کردہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو محض کاغذی قرار دیا۔آپ کے سینئر لیڈر اور ایم سی ڈی میں قائد حزب اختلاف انکش نارنگ نے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی کا بجٹ عوامی خدشات سے دور ہے اور محض دکھاوا ہے۔ اس بجٹ میں کچرے کے پہاڑ، صفائی، ایم ٹی ایس ورکرز اور آوارہ کتوں کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا۔ انہو ں نے کہا کہ بی جے پی نے ایم سی ڈی انتخابات کے دوران اپنے منشور میں بہت سے بڑے وعدے کئے تھے، لیکن بجٹ نے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ یہ عوام کا بجٹ نہیں ہے بلکہ کاغذی بجٹ ہے جو مزاحیہ شو سے ملتا جلتا ہے۔
انکش نارنگ نے کہا کہ قائد ایوان کا آج کا بجٹ بی جے پی کی ناکامیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ایک مضحکہ خیز بجٹ تھا جو عوام کی ترجیحات سے بہت دور ہے۔ اگرچہ عوام کی ترجیح لینڈ فل سائٹس کو ہٹانا ہے، لیکن لینڈ فل سائٹ پر کوئی ٹھوس اقدامات نظر نہیں آتے۔ جہاں عوام کی ترجیح صفائی ہے وہاں صفائی کا کوئی منصوبہ نہیں۔ باغبانی، پارکوں کے اندر صفائی، پارکوں کے لیے نئے باغبانوں کی خدمات حاصل کرنے اور درختوں کی کٹائی جیسی ترجیحات کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔انہوںکہا کہ ایم ٹی ایس ملازمین سے کیے گئے وعدے بشمول تنخواہوں میں اضافہ، مکمل طور پر ناقص اور پورا نہیں ہوا۔ وہ 30 دن تک ہڑتال پر رہے اور ان کی توہین کی گئی۔ انہیں یقین دہانیاں کروائی گئیں لیکن وعدے پورے نہیں ہوئے
No Comments: