
نئی دہلی، 17فروری(میرا وطن)
عام آدمی پارٹی نے بچوں کے ایڈمٹ کارڈ لے کر دیر رات تک وزیر تعلیم آشیش سود کے گھر میں موجود پائے گئے اے پی جے اسکول کے پرنسپل اور منیجر کے معاملے پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ آپ کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے بی جے پی سے سوال کیا کہ وزیر تعلیم کا اے پی جے اسکول سے کیا تعلق ہے؟ بچوں کو ایڈمٹ کارڈ دینا اسکول کی ذمہ داری ہوتی ہے، لیکن اے پی جے اسکول کے پر نسپل سوموار دیر رات تک بچوں کے ایڈمٹ کارڈ لے کر وزیرِ تعلیم کے گھر کیوں بیٹھے تھے؟ انہوں نے کہا کہ آشیش سود خود کو 18 لاکھ بچوں کا سرپرست بتاتے ہیں۔ اگر وہ واقعی سرپرست ہوتے تو ایڈ مٹ کارڈ روکنے پر اے پی جے اسکول کے خلاف ایف آئی آر درج کراتے، لیکن ان کی سرکار میں اتنی ہمت نہیں ہے۔
منگل کوپارٹی ہیڈکوارٹر میں رکن اسمبلی سنجیو جھا اور کلدیپ کمار کے ساتھ منعقدپریس کانفرنس میںسور بھ بھاردواج نے کہا کہ پیر کو دن بھر جس اے پی جے اسکول کے خلاف عام آدمی پارٹی دھرنا دیتی رہی ، اسی اسکول کے پرنسپل اور منیجر بی جے پی کے وزیر آشیش سود کے گھر میں پائے گئے۔ آخر آشیش سود کا اے پی جے اسکول کے پرنسپل سے کیا رشتہ ہے؟ کیا وہ رشتہ دار ہیں یا دوست؟ ایڈمٹ کارڈ جاری کرنا اسکول کا کام ہے، پھر پرنسپل ایڈمٹ کارڈ لے کر وزیر کے گھر کیوں بیٹھے تھے؟سوربھ بھاردواج نے کہا کہ منگل کو 10ویں بورڈ کا امتحان ہے اور پیر کو صبح سے رات 9بجے تک اے پی جے اسکول نے پولیس کی موجودگی میں والدین کے ساتھ بلیک میلنگ کی۔
No Comments: