Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے قل کی رسم میں عقیدت مندوں کا جم غفیر

تمام مذاہب کے افراد کی شرکت، ملک و عالمِ اسلام کے امن و امان کے لیے اجتماعی دعا

نئی دہلی /فتح پور سیکری، آگرہ19 مارچ (پریس ریلیز): درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی رحمة اللہ علیہ کے 456ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر قل کی روح پرور رسم کے دوران عقیدت مندوں کا ایک عظیم الشان اور دیدہ زیب اجتماع دیکھنے میں آیا، جس میں ملک و بیرون ملک سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سجادہ نشین پیرزادہ ارشد فریدی چشتی نے رات 30:03 بجے درگاہِ شریف پر حاضری دے کر قل کی بابرکت رسم ادا کی۔
اس موقع پر مختلف مذاہب و طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی، جو صوفیائے کرام کے آفاقی پیغامِ محبت، رواداری اور اخوت کا عملی مظہر ہے۔ قل کی رسم کے دوران صوفیائے عظام کو خصوصی تبرکات تقسیم کیے گئے، جبکہ ملک و عالم اسلام کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعائیں بھی کی گئیں، اس روح پرور موقع پر عقیدت مندوں کا جم غفیر قل کے چھینٹوں کے حصول کے لیے نہایت پرجوش اور مشتاق نظر آیا۔ زائرین کے غیر معمولی ہجوم کے پیش نظر پولیس انتظامیہ کو سجادہ نشین کو درگاہ سے ان کے حجرے تک بحفاظت پہنچانے کے لیے سیکیورٹی حصار میں لینا پڑا۔ اس موقع پرپیرزادہ ارشد فریدی چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوفیائے کرام کا پیغام عالمگیر ہے، جو محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت کے آستانہ ¿ عالیہ پر ہر مذہب و ملت کے افراد بلا تفریق حاضری دیتے ہیں، جو اس پیغام کی زندہ مثال ہے اور اس فکر کو مزید عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حضرت شیخ سلیم چشتی رحمة اللہ علیہ کا 456واں سالانہ عرس مبارک سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں کی زیر سرپرستی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ عرس کے سلسلے میں 24 اور 25 مارچ کو درگاہ شریف میں دو روزہ “رنگِ صوفیانہ” پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں رکن پارلیمنٹ راج کمار چاہر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ پروگرام کی صدارت پیرزادہ رئیس میاں چشتی جبکہ استقبالیہ کلام پیرزادہ ارشد فریدی چشتی پیش کریں گے۔
اس روحانی و ثقافتی پروگرام میں ملک کی معروف علمی و ادبی شخصیات، جن میں رانا شفوی، رینی سنگھ، غلام رسول دہلوی، سید ساحل آغا، سعدیہ علیم اور ڈاکٹر نیتا پانڈے شامل ہیں، شرکت کریں گے۔ 25 مارچ کو رات 30:09 بجے ایک عظیم الشان آل انڈیا مشاعرہ بھی منعقد ہوگا، جس میں ممتاز شعرائے کرام وسیم راشد، معین شاداب، تحسین منور، عمر اظہر، النکرات شریواستو، ابھیشیک تیواری، شارق ملک، ڈاکٹر اندو گپتا، میناکشی اور بسمل فتح پوری اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔ جشن حضرت بابا فرید گنج شکر ؒ کے فاتحہ کے ساتھ عرس مبارک کی تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔
واضح رہے کہ عرس مبارک کا باضابطہ آغاز 20 رمضان المبارک کو غسل شریف مزارِاقدس سے ہوا، جس کے بعد تبرکات مقدسہ کی زیارت کرائی گئی۔ اس موقع پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم مبارک،موئے مبارک(داڑھی کے بال)، حضرت غوث اعظم رحمة اللہ علیہ کا خرقہ مبارک(چوغہ مبارک)، حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمة اللہ علیہ کا پٹکا شریف، نیز حضرت شیخ سلیم چشتی رحمة اللہ علیہ کی کلاہ مبارک کی زیارت عقیدت مندوں کو سجادہ نشین پیرزادہ ارشد فریدی چشتی کے دست مبارک سے کرائی گئی۔

Next Post

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *