
نئی دہلی، 13جنوری(میرا وطن)
عام آدمی پارٹی نے یمنا کی صفائی کے تعلق سے بی جے پی سرکارکی جانب سے کیے جا رہے فرضی دعووں اور فریب کاری کی قلعی کھولنے کے لیے منگل کے روز ایک سیریز کا آغاز کیا ہے۔ آپ کے دہلی ریاستی کنوینر سوربھ بھاردواج نے اس سیریز کے پہلے حصے کی شروعات کرتے ہوئے بتایا کہ آخر بی جے پی سرکار نے چھٹھ کے دوران یمنا کی آلودگی کم دکھانے کے لیے کیا کیا فریب کیا اور اس کے پیچھے مقصد کیا تھا؟
اس موقع پرسوربھ بھاردواج نے کہا کہ چھٹھ مہاپرو کے چند ہی دن بعد بہار اسمبلی کے انتخابات ہونے والے تھے۔ دہلی میں مقیم بہار کے لاکھوں لوگوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی حکومت نے چھٹھ کے موقع پر یمنا کے پانی کو صاف دکھانے کا یہ ڈھونگ رچایا تھا۔انہوںنے کہا کہ یمنا میں پا نی کی آلودگی کم کرنے کے لیے بی جے پی کی ہریانہ سرکار نے اتر پردیش اور ہریانہ کے کسانوں کے آبپاشی میں استعمال ہونے والے مشرقی اور مغربی نہروں کا پانی یمنا میں چھوڑ دیا تھا، تاکہ آلودگی کچھ حد تک کم ہو اور پانی صاف نظر آئے۔ چھٹھ پوجا اور بہار انتخابات دونوں کے ختم ہوتے ہی بی جے پی حکومتوں نے کسانوں کا پانی یمنا میں چھوڑنا بند کر دیا، جس کے بعد یمنا کی آلودگی دوبارہ اپنی اصل سطح پر واپس آ گئی ہے۔
No Comments: